1410 میگاواٹ تربیلا کے چوتھے توسیعی پن بجلی منصوبے کے الیکٹرومکنیکل ورکس کیلئے کنٹریکٹ ایوارڈ کردیا گیا،مذکورہ کنٹریکٹ کی مالیت312 ملین ڈالر ہے ، منصوبے کے سول ورکس پر پہلے ہی کام جاری ہے ، منصوبہ ساڑھے تین سال کی قلیل مدت میں مکمل ہوگا،تعمیر کیلئے عالمی بنک 840 ملین ڈالر مہیا کر رہا ہے ،منصوبہ ہر سال 3 ارب 84 کروڑ یونٹ سستی پن بجلی فراہم کرے گا، سالانہ 30 ارب 70 کروڑ روپے کے مساوی فوائد حاصل ہونگے

جمعہ 14 فروری 2014 20:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 فروری ۔2014ء) واپڈا نے عالمی بنک کی منظوری کے بعد 1410میگاواٹ پیداواری صلاحیت کے حامل تربیلا چوتھے توسیعی پن بجلی منصوبے کے الیکٹرومکنیکل ورکس کے لئے کنٹریکٹ ایوارڈ کر دیا ہے ۔یہ کنٹریکٹ دو بین الاقوامی شہرت یافتہ کمپنیوں وائتھ ہائیڈرو آف جرمنی اور وائتھ ہائیڈرو شنگھائی آف چائنا پر مشتمل کنسورشیم کو دیا گیا ہے۔

کنٹریکٹ کی مالیت312ملین ڈالرہے۔معاہدے پر جمعہ کے روز واپڈا ہاؤس میں منعقدہ ایک تقریب میں دستخط کئے گئے۔ تربیلا چوتھے توسیعی منصوبے کے پراجیکٹ ڈائریکٹر نے واپڈا جبکہ کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز نے کنسورشیم کی جانب سے معاہدے پر دستخط کئے۔چیئرمین واپڈا سید راغب عباس شاہ ، اتھارٹی کے ارکان اور واپڈا کے دیگر سینئر آفیسرز بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

یہ امر قابل ذکر ہے کہ تربیلا چوتھے توسیعی پن بجلی منصوبے کے سول ورکس پر پہلے ہی کام جاری ہے ۔ منصوبہ ساڑھے تین سال کی مدت میں مکمل ہوگا اور اس پر لاگت کا اندازہ 928ملین ڈالر ہے۔ منصوبے کی تعمیر کے لئے عالمی بنک 840ملین ڈالر فراہم کررہا ہے۔تربیلا پن بجلی کا چوتھا توسیعی منصوبہ حکومت کی کم لاگت پن بجلی پیدا کرنے کی حکمتِ عملی کا حصہ ہے۔

واپڈا مذکورہ حکمتِ عملی کو ترجیحی بنیاد پر عملی جامہ پہنا رہا ہے۔اس حکمتِ عملی کا مقصد قومی نظام میں بجلی کی بڑی مقدار شامل کرنا اور قومی نظام میں کم لاگت پن بجلی میں اضافہ کرکے بجلی کی قیمت میں کمی لانا ہے تاکہ بجلی کے ٹیرف میں کمی لا کر صارفین کو ریلیف فراہم کیا جاسکے۔تربیلا کے چوتھے توسیعی پن بجلی منصوبے کے تحت ٹنل نمبر 4 پر1410میگاواٹ مجموعی صلاحیت کے تین یونٹ نصب کئے جارہے ہیں جن سے تربیلا ہائیڈل پاور سٹیشن سے بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 3 ہزار 4 سو 78میگاواٹ سے بڑھ کر 4 ہزار 8 سو 88 میگاواٹ ہوجائے گی۔

تربیلا پن بجلی کے چوتھے توسیعی منصوبے سے سالانہ تقریباً 3 ارب 84 کرو ڑ یونٹ سستی پن بجلی کااضافہ ہوگا اور اس سے ہر سال 30ارب 70 کروڑ روپے کے فوائد حاصل ہوں گے۔یہ منصوبہ صرف 3 سال کی قلیل مدت میں اپنی تعمیر پر آنے والی لاگت پوری کردے گا۔ منصوبہ کی تعمیر سے فرنس آئل کی درآمد پر اٹھنے والے اخراجات کی مد میں کثیر زرِ مبادلہ کی بچت بھی ہوگی۔ تربیلا چوتھے توسیعی پن بجلی منصوبے کی تعمیر سے پانی کے کم بہاؤ کے دنوں میں تربیلا کے موجودہ ہائیڈل پاور سٹیشن کی بحالی اور اپ گریڈیشن کی سہولت بھی میسر آجائے گی ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں