وزیراعلیٰ پنجاب کا سرکاری سکولوں میں رضاکارانہ طور پر لیا جانے والا فروغ تعلیم فنڈ ختم کرنے کا اعلان،گزشتہ 6 ما ہ میں5 لاکھ نئے بچے سکولوں میں داخل ہوئے، صوبے کے 98 فیصد بچوں کا سکولوں میں داخلہ یقینی بنایا جائے گا،فروغ تعلیم کیلئے پہلے بھی وسائل فراہم کئے ہیں، آئندہ مزید وسائل دینگے، اساتذہ اور طلبا و طالبات کی حاضری میں نمایاں بہتری آئی ہے،پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی واؤچر سکیم کے تحت اپریل 2014ء تک 15 لاکھ بچوں کا سکولوں میں داخلہ یقینی بنایا جائے‘ شہبازشریف

جمعہ 14 فروری 2014 19:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 فروری ۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ تعلیم کا فروغ انتہاپسندانہ رجحانات کے خاتمے کیلئے انتہائی ضروری ہے یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت تعلیم کے فروغ کیلئے اربوں روپے صرف کر رہی ہے، سرکاری سکولوں کو بہتر بنانے کیلئے پہلے بھی وسائل فراہم کئے ہیں، آئندہ بھی پہلے سے بڑھ کر وسائل دیں گے، وزیراعلیٰ نے صوبے کے سرکاری سکولوں میں رضاکارانہ طور پر لیا جانے والا فروغ تعلیم فنڈ ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ کسی بھی سکول میں طلبہ سے رضاکارانہ طور پر تعلیمی فنڈ وصول نہیں کیا جائے گا۔

وہ جمعہ کے روز پنجاب سکول ریفارمز روڈ میپ پروگرام کا جائزہ لینے سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی( ڈیفڈ ) کے سربراہ رچرڈ منٹگمری ، ڈیفڈ کے نمائندہ خصوصی و ماہر تعلیم سر مائیکل باربر، ڈیفڈ اور ورلڈ بینک کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری سکولز ایجوکیشن، سیکرٹری لٹریسی، سیکرٹری خزانہ، متعلقہ حکام اور ماہرین تعلیم نے اجلاس میں شرکت کی۔

سر مائیکل باربرنے پنجاب سکول ریفارمز روڈ میپ پر تفصیلی بریفنگ دی۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب سکول ریفارمز روڈ میپ انتہائی شاندار پروگرام ہے جس کے مثبت اور حوصلہ افزا نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ سکولوں میں بچوں کی انرولمنٹ مہم کامیابی سے جاری ہے۔ گزشتہ 6 ما ہ کے دوران انرولمنٹ مہم کے باعث 5 لاکھ نئے بچے سکولوں میں داخل ہوئے ہیں۔

آئندہ 2 سے 3 برس کے دوران صوبے کے 98 فیصد بچوں کا سکولوں میں داخلہ یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ سکولز ایجوکیشن سکولوں میں بچوں کے داخلے کو یقینی بنانے کیلئے دن رات محنت کرے اور یہ اہم ذمہ داری قومی فریضہ سمجھ کر انجام دی جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب سکول ریفارمز روڈ میپ پر وگرام پر اچھی کارکردگی دکھانے والے اضلاع کے متعلقہ افسران اور اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ خراب کارکردگی دکھانے والے اضلاع کے افسران سے بازپرس ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی واؤچر سکیم کے تحت اپریل 2014ء تک 15 لاکھ بچوں کا سکولوں میں داخلہ یقینی بنایا جائے اور اس ہدف کے حصول کیلئے تمام ممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پانچویں اور آٹھویں جماعت کے امتحانات کو ڈیجیٹل کرنے کے پروگرام کا جائزہ لیا جائے اور اس ضمن میں جلد سفارشات پیش کی جائیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ سرکاری سکولوں میں سمارٹ بورڈ کے ذریعے تعلیم کی فراہمی کے پروگرام کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے۔

اساتذہ اور طلبہ کی حاضری کے ساتھ معیاری تعلیم کی فراہمی پر بھرپور توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سکول ریفارمز روڈ میپ اور مانیٹرنگ نظام کے باعث سکولوں میں اساتذہ اور طلبا و طالبات کی حاضری میں نمایاں بہتری آئی ہے، تاہم اساتذہ اور طلبہ کی سکولوں میں حاضری کے پورے نظام کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے اور اس ضمن میں آٹومیشن سسٹم کو استعمال میں لاتے ہوئے جلد سے جلد حتمی سفارشات پیش کی جائیں۔

وزیراعلیٰ نے پنجاب سکول ریفارمز روڈ میپ پروگرام پر مزید بہتر انداز اور تیز رفتاری سے عملدرآمد کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی جو مختلف امور کا جائزہ لے کر اپنی سفارشات پیش کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب سکول ریفارمز روڈ میپ پروگرام پر کام کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام اور متعلقہ افسران سمیت ڈیفڈ کے عہدیداران کی فروغ تعلیم کے حوالے سے کاوشوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ ڈیفڈ تعلیم کے ساتھ صحت، توانائی اور امن و امان کے شعبوں میں بہتری کیلئے تعاون کو فروغ دینے کا جائزہ لے۔ اس موقع پر سر مائیکل باربر نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف اور ان کی ٹیم پنجاب سکول ریفارمز روڈ میپ کے پروگرام پر زبردست طریقے سے عملدرآمد کر رہی ہے جس کے باعث صوبے میں سکولوں میں بچوں کی شرح داخلہ میں خاطرخواہ اضافہ ہوا ہے۔

گزشتہ 6 ماہ کے دوران پنجاب سکول ریفارمز روڈ میپ پروگرام کے انتہائی شاندار نتائج سامنے آئے ہیں۔ اساتذہ اور طلبہ کی سکولوں میں حاضری بہتر ہوئی ہے۔ اس موقع پر رچرڈ منٹگمری نے کہا کہ ڈیفڈ پنجاب حکومت کے ساتھ توانائی، صحت اور امن و امان کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف اور ان کی پوری ٹیم انتہائی محنت کے ساتھ شعبہ تعلیم کی بہتری کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں