طالبان اپنے پاکستانی لوگوں کو شہید نہ کریں، رانا ثنااللہ

جمعہ 14 فروری 2014 13:25

طالبان اپنے پاکستانی لوگوں کو شہید نہ کریں، رانا ثنااللہ

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14فروری 2014ء) پنجاب کے وزیر قانون رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان سے تعلق رکھنے والے تمام لوگ مسلمان اور اکثریت پاکستانیوں کی ہے لہذا انہیں چاہئے وہ اپنے مسلمان اور پاکستانی بھائی بہنوں کو شہید کرنے سے باز رہیں۔پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات کرتےہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ تمام پاکستانی طالبان کے بھائی اور ہم وطن ہیں اگر مذاکرات میں جنگ بندی کے حوالے سے ابھی کچھ طے نہیں ہوا تو کم از کم انہیں چاہئے معصوم شہریوں کو نشانہ نہ بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ کل کراچی میں پولیس کے 13 جوانوں کو شہید کیا گیا ان کے گھر میں جس طرح کہرام مچا ہوا ہے یہ انہتائی افسوس ناک اور قابل مذمت ہے۔

(جاری ہے)

قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کے سوال پر رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ لوگوں کی جان اور مال کو تحفظ دے لہذا جو لوگ معاشرے میں جرم کا باعث بنتے ہیں حکومت قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ایسے لوگوں کے خلاف کارروائی کرنے سے نہیں روک سکتی۔

مولانا فضل الرحمان سے متعلق رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ وہ درست کہتے ہیں قیام امن کے لئے طالبان کے تمام گروپس کو مذاکرات میں شامل کیا جائے تاکہ مذاکراتی عمل مکمل ہو لیکن مولانا فضل الرحمان کو بھی چاہئے کہ وہ مذاکرات کے لئے صرف دعائے خیر نہ کریں بلکہ خود بھی اس عمل میں شامل ہوں اور ایسے گروپ جس پر ان کا اثرورسوخ ہے انہیں مذاکرات کے دائرے میں لایا جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں