سنی اتحاد کونسل نے طالبان اور ان کے ہم خیال علماء سے 19سوالات کے جواب مانگ لئے،خودکش حملے اور دھماکے شرعی لحاظ سے کیسے جائز ہو سکتے ہیں ،دنیا بھر کے علماء خودکش حملوں کو حرام قرار دے چکے ہیں،اسلامی ریاست کے خلاف مسلح بغاوت کی اجازت کون سی شریعت دیتی ہے‘ چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ کی طرف سے کیے گئے سوالات

پیر 10 فروری 2014 18:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 فروری ۔2014ء) چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے طالبان اور ان کے ہم خیال علماء سے 19سوالات کے جواب مانگ لیے۔ انہوں نے اٹھائے گئے سوالات میں کہا ہے کہ -1خودکش حملے اور دھماکے شرعی لحاظ سے کیسے جائز ہو سکتے ہیں جبکہ دنیا بھر کے علماء خودکش حملوں کو حرام قرار دے چکے ہیں۔ -2مزارات، مساجد، مدارس، مارکیٹوں، ہسپتالوں، تعلیمی اداروں، چرچوں، سکیورٹی فورسز، پولیو ورکرز اور میڈیا ہاؤسز کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے کا کیا شرعی جواز ہے؟ -3اسلامی ریاست کے خلاف مسلح بغاوت کی اجازت کون سی شریعت دیتی ہے۔

-4کیا بے گناہ عورتوں، بچوں، غیرملکی سیاحوں، فوجیوں، سپاہیوں اور صحافیوں کو شہید کرنا فلسفہ ٴ جہادِ اسلامی کے منافی نہیں ہے؟ -5کیا مختلف سرکاری و غیرسرکاری افراد کو اغوا کرنا غیراسلامی فعل اور جرم نہیں ہے۔

(جاری ہے)

-6کیا طالبان کا طرزعمل فساد فی الارض کے زمرے میں نہیں آتا اور اسلام فساد فی الارض کو سنگین ترین جرم اور گناہ قرار نہیں دیتا؟ -7کیا اسلام محض فرقے کے اختلاف کی بنیاد پر بے گناہ افراد کے قتل کی اجازت دیتا ہے؟ -8کیا یہ سچ نہیں کہ طالبان کا طرزعمل اسلامی اصولوں، جہاد فی سبیل اللہ کی شرائط، حضور نبی کریمﷺ کی تعلیمات اور قرآن و سنّت کے سراسر منافی ہے؟ -9 کیا یہ درست نہیں کہ طالبان کی دہشت گردانہ کارروائیوں کی وجہ سے پاکستان کمزور اور اسلام بدنام ہو رہا ہے؟ -10کیا اسلام نے ایک بے گناہ انسان کے قتل کو ساری انسانیت کے قتل کے مترادف قرار نہیں دیا؟ -11کیا طالبان اس واضح قرآنی ہدایت کی خلاف ورزی کے مرتکب نہیں ہو رہے؟ -12کیا یہ حقیقت نہیں کہ طالبان کی پھیلائی گئی بدامنی کی آگ میں پورا ملک جل رہا ہے اور اس سے امریکہ اور بھارت سمیت تمام اسلام و پاکستان دشمن طاقتوں کے مقاصد پورے ہو رہے ہیں؟ -13کیا پچاس ہزار سے زائد پاکستانیوں کے قتل میں ملوث مجرموں اور قاتلوں کی رہائی کا مطالبہ قرآن و سنّت کی خلاف ورزی نہیں؟ -14ڈرون حملوں کو بے گناہ پاکستانیوں کے قتل کا جواز کیسے بنایا جا سکتا ہے؟ -15کیا یہ حقیقت نہیں کہ امریکہ کے خلاف جہاد کا میدان پاکستان نہیں افغانستان ہے؟ -16حکومت کی امریکہ نواز پالیسیوں کی سزا عام شہریوں، فوجیوں اور سپاہیوں کو دینا شریعت کی رُو سے کس طرح جائز قرار دیا جا سکتا ہے؟ -17کیا یہ سچ نہیں کہ پاکستان کا موجودہ آئین تمام مکاتب ِ فکر کے جیّد علماء کا بنایا ہوا متفقہ آئین ہے اور آئین کے اندر رہتے ہوئے نفاذِ شریعت کی پرامن اور کامیاب جدوجہد کی جا سکتی ہے؟ -18کیا یہ حقیقت نہیں کہ ماضی میں حکومتوں سے طے پانے والے معاہدوں کی طالبان نے پاسداری نہیں کی؟ -19کیا یہ سچ نہیں کہ طالبان کے بعض گروپوں کے امریکہ اور بھارت کے ساتھ روابط ہیں؟ ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں