حکومت کے ساتھ مخیر حضرات کا تعاون صحت کے شعبہ کی ترقی کے لئے ناگزیر ہے ‘ خواجہ سلمان رفیق ،مشیر وزیراعلی پنجاب برائے صحت کی میوہسپتال میں مخیر حضرات کی طرف سے اپ گریڈ کئے گئے نیورولوجی وارڈ کے افتتاح کے موقع پر گفتگو

جمعرات 6 فروری 2014 19:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6 فروری ۔2014ء) مشیر وزیراعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے تمام تر وسائل مہیا کرنے کے باوجود صحت کے شعبہ کی ترقی اور عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے مخیر حضرات کا تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے،پاکستان میں صاحب ثروت اور مخیر لوگوں کی کمی نہیں جو انسانیت کی بھلائی کے لئے ہر سال اربوں روپے عطیہ کرتے ہیں ، ضرورت اس امر کی ہے کہ ان فنڈز کا استعمال درست طور پر انتہائی دیانتداری کے ساتھ کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز میو ہسپتال میں ایک مخیر شخصیت مسز بلقیس سرور کی جانب سے اپنے خرچ پر اپ گریڈ کئے گئے نیورولوجی وارڈ کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر بلقیس سرور، ان کے بیٹے فرحان سرور اور خاندان کے دیگر افراد کے علاوہ سیکرٹری صحت پنجاب بابر حیات تارڑ، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر فیصل مسعود ,پروفیسر اسد اسلم خان، پروفیسر خالد مسعود گوندل، پروفیسر صداقت علی، پروفیسر ارشد چیمہ اور فیکلٹی کے دیگر ارکان موجود تھے۔

(جاری ہے)

خواجہ سلمان رفیق نے مسز بلقیس سرور اور ان کے خاندان کی طرف سے کروڑوں روپے کے خرچ سے میو ہسپتال میں فلاحی کام کرانے پر ان کے جذبہ انسانی کو سراہتے ہوئے حکومت کی طرف سے شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر پروفیسر نعیم قصوری نے بتایا کہ مسز بلقیس سرور نے ہی شعبہ اعصاب و پٹھہ کے وارڈ کو مکمل طور پرRevovate کرا کے تمام طبی آلات اوربیڈز بھی فراہم کئے ہیں اور وارڈ 45بستروں پر مشتمل ہے علاوہ ازیں 6بسترو ں پر مشتمل ہائی ڈیپنڈنسی یونٹ بھی قائم کیا ہے جس کے تمام اخراجات مذکورہ فیملی نے برداشت کئے ہیں - مانیٹرز ، ٹرالیز، طبی آلات کے ساتھ لیبارٹری کے آلات بھی مسز بلقیس سرور نے ہی فراہم کئے ہیں۔

پروفیسر نعیم قصوری نے کہا کہ نیورولوجی وارڈ کے اپ گریڈ ہونے اور نئے طبی آلات کی فراہمی سے مریضوں کو داخلے اور علاج معالجے میں بہت سہولت حاصل ہوگئی ہے۔ وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میدیکل یونیورسٹی پروفیسر فیصل مسعود نے کہا کہ پاکستانیوں کے دل بہت بڑے ہیں اور وہ بہت فراخدلی کے ساتھ اللہ کے راستے میں انسانیت کی فلاح کے لئے خرچ کرتے ہیں۔ اس موقع پر سیکرٹری صحت پنجاب بابر حیات تارڑ نے بھی خطاب کیا اور مسز بلقیس سرور کی جانب سے وارڈ اپ گریڈکرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں