نواز شریف کی طرف سے طالبان سے مذاکرات کا حالیہ فیصلہ ان کی مثبت سوچ کا واضح ثبوت ہے‘ گورنر پنجاب ،پنجاب پاکستان کا اہم صوبہ ہے جو وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت تیزی سے ترقی کر رہا ہے ‘ چوہدری محمد سرور ،سویڈن پاکستان کے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے ،اس کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے‘ سویڈن کے سفیر کی گفتگو

منگل 4 فروری 2014 20:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4 فروری ۔2014ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں قیام امن کے لیے پرعزم ہے اور وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی طرف سے طالبان سے مذاکرات کا حالیہ فیصلہ ان کی مثبت سوچ کا واضح ثبوت ہے ، پاکستان میں امن پورے خطے بالعموم پوری دنیا کے لیے ناگزیرہے اور پاکستان دنیا میں پائیدار امن کے قیام اور خطے کے معاشی استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہو ں نے سویڈ ن کے سفیر ٹومس روز اینڈر سے گفت گو کے دوران کیا جنہو ں نے منگل کے روز گورنر ہاؤس لاہور میں اُن سے ملاقات کی ۔ گورنر پنجاب نے کہا موجود ہ حکومت نے اقتدار سنبھالا توبے رو زگاری مہنگائی اور غربت جیسے معاشی مسائل کا شکار تھا تاہم حکومت کی مدبرانہ اقتصادی پالیسیوں کے نتیجے میں اب ملکی معیشت صحیح سمت کی طرف گامزن کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غیر ملکی تاجروں کے لیے سرمایہ کاری کے بے پنا ہ مواقع موجود ہیں اور حکومت اس سلسلے میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو تمام ضروری سہولتیں فراہم کرنے کا عزم کیے ہوئے ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ یورپی منڈیوں میں جی ایس پی سٹیٹس کا حصول ایک اہم سنگ میل ہے اس سے پاکستان کو اپنی برآمداد میں خاطر خواہ اضافہ کرنے میں مدد ملے گی۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ پنجاب پاکستان کا اہم صوبہ ہے جو وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت تیزی سے ترقی کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سویڈن سے اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اس کے ساتھ باہمی تعاون اور دو طرفہ رابطوں کو مضبوط کرنے کا خواہاں ہے ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور سویڈن کے درمیان تجارت کا مجموعی حجم دو پچاسی ملین امریکی ڈالر ہے جسے کئی گنا تک بڑھایا جا سکتا ہے۔

انہو ں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں خصوصا سویڈن توانائی ، انفراسٹرکچر ، مواصلات اور زرعی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے استفادہ کر سکتا ہے ۔ انہو ں نے پاکستا ن کو جی ایس پی پلس سٹیٹس دلوانے میں سویڈ ن کے کردار کو سراہا اور کہا کہ اس سے پاکستان کو اپنی اقتصادی مشکلات کم کرنے میں مدد ملے گی۔ سویڈن کے سفیر نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور اس کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے ۔

انہو ں نے کہا کہ سویڈن تعلیم کے شعبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کر رہا ہے اور اس وقت تقریبا دس ہزار پاکستانی طالب علم سویڈن کے تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ہیں ۔انہو ں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے سرمایہ کاروں کے وفود کا تبادلہ ضروری ہے اور وہ اس سلسلے میں مکمل تعاون کرنے کو تیار ہیں ۔ دریں اثناء ، تاجروں کے وفود سے گفت گو کرتے ہوئے جس کی قیادت بابر بٹ اوراظہر سعید بٹ کر رہے تھے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ تاجروں کے جان و مال کا تحفظ اور ان کے مسائل کا حل موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔

انہو ں نے کہا کہ حکومت کو توانائی کے بحران کے باعث پیداہونے والی مشکلات کا ادراک ہے اور توانائی کے بحران کے حل کے لیے موثر اور عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ تاجر برادری ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں جو ملک میں نامساعد حالات کے باوجود تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کو جاری رکھے ہوئے ہیں جس سے ملکی معیشت میں نہ صرف بہتری آرہی ہے بلکہ روز گار کے مواقع بھی پیدا ہو رہے ہیں ۔ گورنر پنجاب نے تاجروں کی طرف سے انکم ٹیکس، سوئی نادرن پائپ لائن لمٹیڈاور پولیس کے محکموں میں پیش آنے والی مشکلات کے ازالے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔تاجروں کے وفد نے جی ایس پی پلس سٹیٹس کے حصول کے لیے گورنر پنجاب کے کردار کو سراہا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں