پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی سب سے سنگین مسئلہ ہے ،تاجر برادری کو اس شعبے میں توجہ دینے کی ضرورت ہے‘ گورنر پنجاب ،پٹرولیم کے شعبے سے وابستہ تاجر ملکی معیشت میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں ، قیمتوں میں اتارچڑھاؤ کے باوجود کاروباری سرگرمیاں جار ی رکھتے ہیں،لاہور میں میٹروبس سروس ٹریک کی تعمیر کے دوران منہدم ہونیوالے پٹرول پمپوں کو متبادل جگہ فراہم کرنے کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی

پیر 3 فروری 2014 20:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3 فروری ۔2014ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ معاشرے کے صاحب ِ ثروت طبقے کو فلاحی اور رفاہی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے تاکہ قومی ترقی کے عمل میں اُن کی شمولیت بھی ممکن ہو سکے،یہ امر خوش آئند ہے کہ ہمارے معاشرے میں دکھی انسانیت کا جذبہ تیزی سے پروان چڑھ رہا ہے تاہم انفرادی سطح پر ہونے والی ان کوششوں کو مربوط اور منظم کرنے کی ضرورت ہے، پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی اس وقت سب سے سنگین مسئلہ ہے اور تاجر برادری کو اس شعبے میں زیادہ سے زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہو ں نے ممبر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری خواجہ خاور رشید اور شیخ ابراہیم کی قیادت میں آئے ہوئے لائنز کلب کے عہدیداروں سے گفت گو کے دوران کیا ، جنہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں ان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ ملک کی ایک بہت بڑی آبادی پینے کے صاف پانی سے محروم ہے اور80 اسی فیصد بیماریوں کی وجہ بھی یہی ہے۔انہو ں نے کہا کہ عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنا کر صحت کے حوالے سے بہت سے مسائل سے بچا جا سکتا ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے فلٹریشن پلانٹ نصب کرنے کا منصوبہ کامیابی سے جاری ہے جس کا دائرہ ملک کے دوسرے علاقوں تک بھی بڑھایا جائے گا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ہماری تاجر برادری خدمت خلق کے جذبے سے سرشار ہے تاہم ان کی کوششوں کو ملکی سطح پر موثر بنانے کے لیے علاقوں اور مختلف سماجی شعبوں کا تعین کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہاکہ ہم سب کو مل کر معاشرے کی اصلاح اور عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے متحد ہو کرکام کرنا ہو گا۔ اس موقع پر وفد نے گورنر پنجاب کو بلوچستان میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں فلٹریشن پلانٹ لگانے کے لیے 23لاکھ روپے کا چیک دیا ۔قبل ازیں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے گورنر ہاؤس لاہور میں پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے وفد نے خواجہ عاطف احمد کی قیادت میں ملاقات کی۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت تاجر برادری اور ملکی سرمایہ کاروں کے تحفظ اور انہیں سازگار کاروباری ماحول فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ ملک سے غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ صرف اسی صورت ممکن ہے اگر مقامی تاجر ملک میں تجارتی سرگرمیوں کوفروغ دینے میں دلچسپی لیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پٹرولیم کے شعبے سے وابستہ تاجر ملکی معیشت میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں کیونکہ بین الاقومی سطح پرقیمتوں میں ہونے والے اتارچڑھاؤ کے باوجود وہ کاروباری سرگرمیاں جار ی رکھتے ہیں۔

گورنر پنجاب نے لاہور میں میٹروبس سروس ٹریک کی تعمیر کے دوران منہدم ہونے والے پٹرول پمپوں کو معاہدے کے مطابق متبادل جگہ فراہم کرنے کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔وفد نے گورنر پنجاب کو ڈیلرز کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔ دریں اثناء گوجرہ سے تعلق رکھنے والے سپورٹس جرنلسٹ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت ملک میں کھیلوں اور صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے لیے کوشاں ہے اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں جا رہے ہیں ۔

انہو ں نے کہا کہ گوجرہ شہر نے ہمارے ملک میں ہاکی کی نرسری کا کردار ادا کیا ہے اور بیسیوں قومی ہیروز پیدا کیے ہیں جنہوں نے ہاکی کے میدان میں ملک کا نام عالمی سطح پر روشن کیا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ گوجرہ کے نوجوانوں میں موجود صلاحیتوں سے استفادہ کرنے کے لیے وہاں کھیلوں کی جدید سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ وفد نے گورنر پنجاب کو گوجرہ آنے کی دعوت دی ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں