ریونیو اتھارٹی کی استعدادکار میں اضافہ کیا جا رہا ہے، نجی شعبے کو سرمایہ کاری کیلئے خصوصی سہولتیں دیں گے‘ محمد شہباز شریف

پیر 3 فروری 2014 17:29

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 3 فروری 2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو توانائی بحران کا سامنا ہے تاہم حکومت توانائی کی کمی سے نمٹنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے، توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کیلئے ملکی اور غیرملکی سرمایہ کاروں کو خصوصی سہولتیں دے رہے ہیں، پنجاب میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے ایک بڑے منصوبے کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ بہاولپور میں قائداعظم سولر پارک قائم کیا جا رہا ہے جہاں سولر سے بجلی پیدا کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، پنجاب حکومت بائیوگیس اور بائیوماس سے بھی توانائی کے حصول کیلئے کوشاں ہے، اسی طرح وفاقی حکومت داسو ڈیم اور بھاشا دیامیر ڈیم پر کام کر رہی ہے، بجلی کی پیداوار میں اضافے کے ساتھ بجلی کی بچت پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے،صوبے میں ٹیکس وصولی کیلئے پنجاب ریونیو اتھارٹی تشکیل دی گئی ہے جس کی استعدادکار میں اضافہ کیا جا رہا ہے،صوبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے نجی شعبہ کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ورلڈ بینک کے ذیلی ادارے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی)کے وفد کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے سوموار کے روز یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے سرمایہ کاری کے سربراہ اینڈری میخ نیو، لیڈ انویسٹمنٹ کلائمنٹ پاکستان ڈاکٹر امجد بشیر اور صائمہ زبیری شامل تھے۔

صوبائی وز یر خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن، صوبائی وزیر صنعت چوہدری محمد شفیق، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری صنعت، چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی کے علاوہ متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ملاقات میں پنجاب میں ٹیکس نظام ، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں بہتری لانے کیلئے تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت اور آئی ایف سی مختلف شعبوں میں بہتری لانے کیلئے اکٹھے کام کر رہے ہیں، تاہم تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ مختلف شعبوں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ وسائل بڑھانے کیلئے ٹیکس نظام میں اصلاحات وقت کی ضرورت ہے۔جتنے زیادہ وسائل ہوں گے اتنے زیادہ ترقیاتی اور عوامی فلاح کے منصوبوں پر عملدرآمد ہوگا۔ پنجاب ریونیو اتھارٹی کی استعدادکار میں اضافہ کیلئے آئی ایف سی کی مہارت اور تجربے سے فائدہ اٹھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کا ملکی ترقی میں کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے ۔

نجی شعبے کی شراکت کے بغیر ترقی کا ہدف حاصل نہیں کیا جاسکتا یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت نجی شعبے کو آگے لا رہی ہے اور نجی شعبے کو توانائی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے مزید سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کے سرمایہ کاروں کو بہترین سہولتیں فراہم کرنے کیلئے آئی ایف سی کا تعاون انتہائی ضروری ہے جس سے سرکاری اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی اور نجی شعبہ کی سرمایہ کاری کیلئے حوصلہ افزائی ہوگی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ آئی ایف سی گندم کے سائلوز بنانے کیلئے بھی نجی شعبے کو آگے لائے۔ سائلوز کی تعمیر سے گندم چوری کی روک تھام کے علاوہ اسے بہتر طریقے سے محفوظ بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کرپشن فری کلچر کو فروغ دیا ہے اور اس کا کریڈٹ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو جاتا ہے کہ ہمارے دور میں کرپشن کا ایک کیس بھی سامنے نہیں آیا۔

شفافیت حکومت پنجاب کا طرہ امتیاز ہے جس کی گواہی عالمی اداروں نے بھی دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی بزنس فرینڈلی پالیسیوں کے باعث غیرملکی سرمایہ کاروں اور کمپنیوں نے صوبے میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔آئی ایف سی وفد کے سربراہ اینڈری میخ نیو نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم پہلے ہی پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں کام کر رہے ہیں اور پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پاکستان کا واحد صوبہ ہے جہاں مثبت تبدیلیاں آئی ہیں۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب بہتری کی جانب گامزن ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں