ریونیو افسران و سٹاف کی مانیٹرنگ کے لئے ویجیلنس سیل قائم، ماہانہ کی بنیاد پر رپورٹ طلب

ہفتہ 1 فروری 2014 14:03

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 1 فروری 2014ء)پنجاب کے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ندیم اشرف نے کہا ہے کہ وزیر اعلی کی ہدایت پر محکمہ ریونیو پنجاب صوبہ بھر میں ریلوے کی اراضی کو کمپیوٹرائزڈ کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا اور اس اراضی کی مارکیٹ ویلیو اور ریلوے کی زمین پر قابضین اور جعلساز لینڈ مافیا بارے بھی معلومات ریلوے حکام کو فراہم کرے گا،اس سلسلے میں پنجاب ریونیو بورڈ ریلوے کے اعلی افسران و اہلکاران کا مرحلہ وار تربیتی پروگرام شروع کر رہا ہے ۔

محکمانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں ریلوے کی ایک لاکھ 87 ہزار 326 ایکڑ اراضی میں سے 90 ہزار 326 ایکڑ اراضی صرف پنجاب میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں لینڈ کمپیوٹرائزیشن کا عمل 2014 کے اختتام سے قبل مکمل کر لیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

اس نئے نظام سے صوبہ بھر میں جعلسازی اور فراڈ کے واقعات ختم ہو جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ فردیں فراہم کرنے والے صوبہ بھر میں واقع تمام سروس سنٹروں کی باقاعدہ مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اضلاع کی سطح پر ریونیو افسران اور سٹاف کی مانیٹرنگ کے لئے ویجیلنس سیل قائم کیا گیا ہے جو ماہانہ کی بنیاد رپورٹ پیش کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بد عنوانیوں میں ملوث افسران اور اہلکاران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لا کر انہیں نوکریوں سے فارغ اور ان کے خلاف کیسز نیب کو بھی بھجوائے گئے ہیں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں