پاکستان ریلوے کی قیمتی اراضی کو حکومت پنجاب کے تعاون سے کمپیوٹرائزڈ کیا جائیگا، خواجہ سعد رفیق ،محکمہ ریونیو پنجاب سے ہر قسم کی فنی معاونت و مشاورت حاصل کی جائے گی‘ وفاقی وزیر ریلوے ،صوبہ بھر میں ریلوے اراضی کی کمپیوٹرائزیشن کے لئے پی ایم یو کی خدمات حاصل کی جائیں گی، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو

جمعہ 31 جنوری 2014 20:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31 جنوری ۔2014ء) پاکستان ریلوے کی ملک بھر میں واقع اراضی کو حکومت پنجاب کے تعاون سے کمپیوٹرائزڈ کیا جائے گا ، اس سلسلے میں جلد محکمہ ریونیو پنجاب کی فنی معاونت حاصل کی جائے گی تاکہ ملک بھر میں ریلوے اراضی کی باقاعدہ کمپیوٹرائزیشن اور مالیت بارے آگاہی حاصل ہو سکے ، محکمہ ریلوے اس بارے اپنے افسران و اہلکاران کا تربیتی پروگرام مرتب کرے گا ۔

اس امر کا اظہار وفاقی وزیر پاکستان ریلوے نے جمعہ کے روز محکمہ ریونیو پنجاب کے کمیٹی روم میں ر یلوے اراضی کی کمپیوٹرائزیشن بارے منعقدہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا ۔ اس موقع پر سنیئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب ندیم اشرف ، ممبران ریونیو بورڈ اور ریلوے افسران بھی موجود تھے۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ماضی میں ریلوے کی قیمتی زمینوں کو قبضہ گروپوں کے حوالے کر دیا گیا ۔

(جاری ہے)

اس قیمتی اراضی کوان قبضہ گروپوں سے واگزار کرانے کے لئے بھی حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ ریونیو پنجاب کی ایک ایک انچ کی اراضی مکمل طو رپر کمپیوٹرائزڈ ہو چکی ہے اور یہ اراضی اس کے اصل مالکان کے ہاتھوں میں ہے جس سے قبضہ اور جعلساز لینڈ مافیا کے ناپاک ارادوں کا خاتمہ ہو چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کی قیمتی اراضی کا بھی باقاعدہ طو رپر پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ سے مکمل سروے کرایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ریلوے کی تقریباً ایک لاکھ 87 ہزار 326 ایکڑ اراضی ہے باقی دیگر صوبوں میں ہے ۔ میٹنگ سے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ندیم اشرف نے کہا کہ پاکستان ریلوے کی تمام قیمتی اراضی کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کرنے کے سلسلے میں ہر قسم کی فنی معاونت و مشاورت ہر سطح پر فراہم کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں