وزیر اعظم مذاکرات کو ڈرون کا شکار ہونے سے بچانے کیلئے امریکہ سے بات کریں ،عمران خان ،پی ٹی آئی کے سربراہ نے حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کی کامیابی کیلئے پانچ تجاویز دیدیں، چیئرمین پاکستان تحریک انصاف

جمعرات 30 جنوری 2014 19:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30 جنوری ۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے پانچ تجاویز دیتے ہوئے ایک مرتبہ پھر مطالبہ کیا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف امریکہ سے ڈرون حملے روکنے کیلئے بات کریں تاکہ آخری وقت میں یہ مذاکرات ڈرون کا شکار نہ ہو جائیں۔عمرا ن خان نے وفاقی حکومت کی طرف سے امن عمل کیلئے مضبوط بنیادوں پر مذاکرات شروع کرنے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا واضح موقف ہے کہ امن کوایک موقع ملنا چاہیے ۔

عمران خان نے پانچ تجاویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات کا سارا عمل آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے انجام پانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ بات چیت کا مرحلہ فوری طو رپر شروع ہونا چاہیے تاہم اسکے لئے ضروری ہے کہ دونوں اطراف سے جنگ بندی کی جائے اور مذاکرات کے دوران دہشتگرانہ کارروائی نہیں ہونی چاہئیں ۔

(جاری ہے)

عمران خان نے تیسری تجویز میں کہا ہے کہ مذاکرات کے عمل کوخفیہ نہ رکھا جائے تاکہ اندازہ ہو سکے کہ کون مذاکرات کو نتیجہ خیز اور کون سبوتاژ کرنا چا ہتا ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ اس کو سبوتاژ کرنے والے پاکستان کے دشمن ہونگے ۔

عمران خان نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف امریکی حکومت پرزور ڈالیں کہ ڈرون حملوں کا سلسلہ روکا جائے اور جب تک مذاکرات کا سلسلہ جاری رہے اس طرح کی کوئی بھی کارروائی نہ کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر خود اعتراف کر چکے ہیں کہ ڈرون حملوں کا عوام میں منفی تاثر ابھر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مذاکرات کی کامیابی کے لئے ٹائم فریم طے کرنا نا گزیر ہے بصور ت دیگر ملک دشمن عناصر اس عمل کو سبوتاژ کرنے کیلئے سر گرم عمل ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ مذاکرات کی کامیابی کے بعد پاکستان میں خون کی ہولی بند ہو جائے گی جس سے ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو جائے گا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں