ظالمان دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کو کامیاب بنانے کیلئے پارلیمانی وغیر پارلیمانی سیاسی ومذہبی جماعتوں کی اے پی سی بلائی جائے‘ ثروت اعجاز قادری

منگل 28 جنوری 2014 16:26

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2014ء) پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہاہے کہ دہشتگردی کے خلاف حکومت کی ہر مثبت پالیسی کا ساتھ دیں گے،مذاکرات کے نام پر عوام،سیکیورٹی فورسز اور عدلیہ کو دہشتگردی کی بھینٹ چڑھنے نہیں دیں گے ،ظالمان دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کو کامیاب بنانے کیلئے پارلیمانی وغیر پارلیمانی سیاسی ومذہبی جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے،کن مدارس میں انتہاء پسندی کو فروغ دیا جاتاہے حکومت اچھی طرح جانتی ہے ،طالبان جو خود ساختہ اسلام اسلحے کے زور پر مسلط کرکے اسلام کو نقصان پہنچارہے ہیں آج انہی کے استاد صاحبان مذاکرات کی ٹیبل سجانے کو کہہ رہے ہیں ،حکومت ان کے خلاف 7ہزار فورسز اہلکاروں سمیت 50ہزار شہریوں کا مقدمہ بنائے، دہشتگردوں کو سپورٹ کرنے والا بھی دہشتگرد ی کے زمرے میں آتاہے،طالبان کے تانے بانے جن طاقتور افراد سے ملتے ہیں وہ آج حکومت کا حصہ ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہارانہوں نے صوبائی آراکین رابطہ کمیٹی سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ کالعدم جماعتوں کے خلاف کراچی سمیت ملک بھر میں کاروائی کی جائے،ہنگو میں کھلونا بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہیں اور 4سگے بھائیوں سمیت ایک ہی خاندن کے6 بھائی شہید ہوگئے دل خون کے آنسو روتاہے،حکومت معصوم بچوں کی شہادت کا سخت نوٹس لے اور دہشتگردوں کے خلاف ہر ممکن کاروائی کویقینی بنایاجائے۔

ثروت اعجاز قادری نے کہاکہ سنی تحریک کا ایک ایک کارکن ملک کی سلامتی کیلئے ہرقسم کی قربانی دینے کاجذبہ رکھتاہے اگر حکومت اورفوج نے آواز دی تو تحریک کا ایک ایک کارکن سر پر کفن باندھ کر ملک کی حفاظت کریگا،انہوں نے کہاکہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے حکومت کی مثبت پالیسیوں کی ساتھ بھرپور ساتھ دیں گے اور عوام میں بھرپور شعور اجاگر کریں گے،ملک کی سلامتی اور دہشتگردوں کے خلاف ملک بھر میں ریلیاں،سیمینار منعقد کی جائیں گی ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں