مولانا سمیع الحق نے تحریک طالبان سے مذاکرات کے عمل سے علیحدگی کا اعلان کردیا،باربار رابطوں کے باوجود حکومت مکمل خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے،سربراہ جے یو آئی (س)

بدھ 22 جنوری 2014 21:40

لاہور/اکوڑہ خٹک (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 جنوری ۔2014ء) جمعیت علمائے اسلام (س) اوردفاع پاکستان کونسل کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے تحریک طالبان پاکستان سے مذاکرات کے عمل سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ باربار رابطوں کے باوجود حکومت مکمل خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے ۔ میڈیا سیل کی طرف جاری بیان میں مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ وزیرا عظم نواز شریف سے 31دسمبر کو ہونیوالی ملاقات کے بعد اللہ کی رضا اور ملک کی سلامتی اورانسانی جانوں کے تحفظ کی خاطر دوسرے ہی دن یکم جنوری سے اپنے مشن پر کام شروع کیا اورایک دن بعد دو جنوری کو مجھے حوصلہ افزاء اور مثبت جواب ملا کہ ہم مستحکم ‘بامعنی ‘پائیدار مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں۔

میں نے اسی رات کو وزیراعظم کو پیغام دیا اور انتظار کرنے لگاکہ کسی میکنزم یا حکمت عملی سے مجھے آگاہ کردیا جائے گا اور مجھے یقین تھا کہ حساس ترین مسئلہ پر وزیراعظم اسی رات نہیں تو دوسرے دن علی الصبح مجھے آئندہ عزائم سے آگاہ کردیں گے مگر افسوس کہ خاموشی طاری رہی بالآخر میں نے 15جنوری کو ایک مفصل مکتوب کے ذریعہ وزیراعظم کی توجہ مبذول کرانی چاہی۔

(جاری ہے)

یہ مکتوب بذریعہ ای میل اور ٹی سی ایس ایک ذمہ دار افسر کے ذریعہ پہنچایا گیا ۔ وزیراعظم کی مصروفیات واندرونی و بیرونی دباؤ کے احساس سے میں نے مکتوب پریس کو جاری کرنے سے گریز کیا کہ شاید روشنی کی کوئی کرن نظر آجائے۔ اسی اثناء میں تین دن قبل وفاقی کابینہ کے اجلاس کے شروع ہونے سے قبل مجھے پی ایم ہاؤس سے پیغام ملا کہ دو افراد کوآپ سے رابطہ کے لئے مامور کیا گیا ہے۔

مگر ابھی تک اس پر بھی کوئی عملدرآمد نہیں ہوسکا۔ میں نے اِسی دن 20جنوری کو ہی طرفین سے سیز فائر کی اپیل کی اور کہاکہ خدارا فوجی آپریشن سے اور طاقت آزمائی سے گریز کیا جائے۔ مگر اچانک شمالی وزیرستان تیراہ‘ اورقبائلی علاقوں پر بمباری شروع کردی گئی ‘ یقینا فوجی جوانوں کا نقصان بھی ایک قومی المیہ ہے مگر دونوں طرف حالت ِجنگ ہے بے گناہ شہری اور فوجی مارے جارہے ہیں‘ اس کا جواب فوجی آپریشن ہرگز نہیں بلکہ مذاکرات کے عمل کو پورے عزم اورولولے سے آگے بڑھاناہے۔

میں ان اندوہناک حالات میں خود اپنے آپ کو اس خونی المیہ سے الگ تھلگ کرنا چاہتاہوں‘ میں نے ملک وملت کے مفاد کی خاطر اخلاص سے خطرات کو مول لیا مگر افسوس کہ مجھے کوئی سنجیدگی اور فکرمندی نظر نہیں آئی۔مولانا سمیع الحق نے وزیر اعظم محمد نواز شریف کو لکھا گیا خط بھی میڈیا کو جاری کیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں