میٹروبس پراجیکٹ کا دائرہ کار شہر کے دیگر حصوں تک بڑھانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے‘ شہبازشریف،سٹیٹ آف دی آرٹ میٹروبس پراجیکٹ عوام کو جدید سفری سہولتیں فراہم کررہا ہے ،روزانہ ڈیڑھ لاکھ مسافر میٹروبسوں پر سفر کرتے ہیں،توسیعی منصوبے پر بھی انتہائی شفاف طریقے سے برق رفتاری کیساتھ عملدرآمد کیا جائیگا‘ وزیراعلیٰ پنجاب کا اعلی سطح کے اجلاس سے خطاب

پیر 20 جنوری 2014 21:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 جنوری ۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ لاہور میں سٹیٹ آف دی آرٹ میٹروبس پراجیکٹ انتہائی کامیابی سے عوام کو جدید سفری سہولتیں فراہم کررہا ہے ۔پنجاب حکومت نے میٹروبس پراجیکٹ کا دائرہ کار شہر کے دیگر حصوں تک بڑھانے کا منصوبہ بنایا ہے جس پر جلد عملدرآمد شروع کردیا جائے گا۔وہ سوموار کے روز یہاں اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں چےئرمین لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی خواجہ احمد حسان،پنجاب میٹروبس اتھارٹی کے سربراہ سبطین فضل حلیم،ایم ڈی نیسپاک ،ڈی جی ایل ڈی اے اور متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔

اجلاس کے دور ان وزیراعلیٰ کو لاہور میں میٹروبس پراجیکٹ کے توسیعی منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کو معیار ی با کفایت اور تیز رفتار ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کے لیے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے۔

(جاری ہے)

لاہور میں میٹروبس پراجیکٹ کے باعث سفر کا نیاکلچر متعارف ہوا ہے اورلوگوں کو باکفایت، تیز رفتار اور آرام دہ ٹرانسپورٹ کی سہولت میسر آئی ہے ۔

میٹروبسوں کے ذریعے روزانہ ڈیڑھ لاکھ سے زائد مسافر سفر کررہے ہیں۔میٹروبس پراجیکٹ نے ٹرانسپورٹ کے نظام کو نئی شناخت دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کو بہترین اور معیاری سفری سہولتیں فراہم کرنے کے لیے میٹروبس پراجیکٹ کا دائرہ کار شہر کے دیگر حصوں تک بڑھائے گی اور اس منصوبے پر بھی انتہائی شفاف طریقے سے برق رفتاری کے ساتھ عملدرآمد کیا جائے گا۔اجلاس کے دوران میٹروبس پراجیکٹ کے توسیعی منصوبے کے حوالے سے مختلف تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں