مہنگی بجلی اوربدترین لوڈشیڈنگ نے انڈسٹریز کو بحران میں مبتلا کردیا،بجلی کی قیمتوں میں اضافہ صنعتی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے ‘ چودھری ظہیر احمد بھٹہ

پیر 20 جنوری 2014 13:04

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20جنوری 2014ء) چیئرمین لاہور ٹاؤن شپ انڈسٹریز ایسوسی چودھری ظہیر احمد بھٹہ نے نیپرا کی جانب سے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی فی یونٹ میں ایک روپے اضافہ اور یکم فروری سے سوئی گیس حکام کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں7فیصد اضافہ کی اجازت طلب کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ صنعتی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے ۔

ریونیو بڑھانے کیلئے بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ مسائل کا حل نہیں ،انڈسٹریز کیلئے بجلی کی قیمتوں میں یکم اکتوبر سے اب تک 62سے74فیصد اضافہ کردیا گیا ہے ۔ مہنگی بجلی اور بدترین لوڈشیڈنگ نے انڈسٹریز کو بحران میں مبتلا کردیا ہے ۔ٹاؤن شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری ظہیراحمد بھٹہ نے کہا کہ انڈسٹریز کیلئے بجلی ٹیرف میں کمی سے ہی صنعتی ترقی کا خواب پوراہوگا، ملک بھر میں بجلی کے یکساں نرخ مقرر کیے جائیں پنجاب میں مہنگی بجلی والے علاقوں میں کئی صنعتیں بند ہورہی ہیں، دوسرے صوبوں کی نسبت پنجاب میں انڈسٹریز کیلئے بجلی کے نرخ زیادہ ہیں امتیازی سلوک کے باعث ملک میں بے روزگاری میں اضافہ ہورہا ہے ۔

(جاری ہے)

اگر حکومت صنعتی ترقی اور جی ایس پی پلس اسٹیٹس سے بھر پور فائدہ اٹھانا چاہتی ہے تو اس کے لیے انڈسٹریز کو سستی بجلی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ بجلی ،گیس کی لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے تاکہ ملک صنعتی لحاظ سے ترقی کرسکے اور پاکستان کو صنعتی لحاظ سے ایشیاء کا ٹائیگر بنانے کا خواب بھی شرمندہ تعبیر ہوسکے گا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں