بجلی کا بحران شدت اختیارکرگیا ، تعطیل کے باوجود شارٹ فال تین ہزار میگا واٹ تک پہنچ گیا ،پتوکی میں احتجاجی مظاہرہ،بجلی کی گھنٹوں بندش سے پانی کا بحران بھی شدیدہوگیا ،گیس کے کم پریشر سے عوام کی زندگی اجیرن ہو گئی۔ اپ ڈیٹ

اتوار 19 جنوری 2014 23:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 جنوری ۔2014ء) بجلی کا بحران مزید شدید ہو گیا ، تعطیل کے باوجود شارٹ فال بڑھ کر تین ہزار میگا واٹ تک پہنچ گیا جسکے باعث غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ بھی عروج پر پہنچ گئی ، بجلی کی گھنٹوں بندش سے پانی کا بحران بھی شدت اختیار کر گیا جبکہ گیس کی لوڈ شیڈنگ اور کم پریشر سے بھی عوام کی زندگی اجیرن ہو گئی ۔ این ٹی ڈی سی کے مطابق گزشتہ روز بجلی کی کل پیداوار کم ترین سطح 7800میگا واٹ کی سطح پر پہنچ گئی جبکہ طلب 10800میگا واٹ کی سطح پر بر قرار ہے ۔

گزشتہ روز ہائیڈل سے 1300‘تھرمل سے 1570اور آئی پی پیز سے 4930میگا واٹ بجلی کا حصول ممکن ہو سکا ۔ ذرائع کے مطابق مختلف شہری علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ عروج پر پہنچ گئی ہے اور تعطیل کے روز لوڈ شیڈنگ کا دورنایہ 12سے 15گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 17سے 19گھنٹے ریکارڈ کیا گیا ۔

(جاری ہے)

دوسری طرف بجلی کی گھنٹوں لوڈ شیڈنگ سے پانی کا بحران بھی شدید ہو گیا ہے اور ٹیوب ویلز نہ چلنے کی وجہ سے لوگ پینے کے پانی کی بوند بوند کو بھی ترس گئے ہیں ۔

سردی کے باعث گیس کا بحران بھی بر قرار ہے اور گزشتہ روز بھی کئی علاقوں میں گیس مکمل غائب رہی جبکہ کئی علاقوں میں کم پریشر کے باعث خواتین کو کچن کے امور نمٹانے میں شدید مشکلات کا سامنا رہا ۔بجلی کی بد ترین لوڈ شیڈنگ کے خلاف پتوکی میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ مظاہرین نے احتجاج کرتے ہوئے ملتان جانے والی ٹریفک کو بلاک کر دیا جس سے گاڑیوں کی میلوں لمبی قطاریں لگ گئیں ۔ بعدا زاں پولیس کی طرف سے مظاہرین سے مذاکرات کئے گئے جسکے بعد ٹریفک کو بحال کر دیا گیا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں