پاکستان اور بھارت کے درمیان 3،3بینکوں کو کام کرنیکی اجازت دینے کے حوالے سے بات چیت کا آغاز ،اسٹیٹ بینک نے بھارت کے ریزرو بینک کو خط لکھ دیا ہے ،شاخیں کھولنے کا حتمی فیصلہ نہیں ہوا تاہم جلد پیشرفت متوقع ہے‘ خرم دستگیر

جمعہ 17 جنوری 2014 20:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 جنوری ۔2014ء) پاکستان اور بھارت نے 3‘3 بینکوں کو دونوں ممالک میں کام کرنے کی اجازت دینے کے حوالے سے بات چیت کا آغاز کر دیا ہے۔یہ بات بھارتی میڈیا نے وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر کے حوالے سے بتائی جو 5 ویں سارک تجارتی کانفرنس میں شرکت کیلئے نئی دہلی پہنچے ۔ بھارتی خبررساں ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر تجارت خرم دستگیر نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے اپنے حالیہ دورہ بھارت میں بھارتی وزیر تجارت آنند شرما سے اس معاملے پر تفصیلی بات چیت کی تھی جو بینک بھی دونوں ممالک کے معیار پر پورا اتریں گے اسے لائسنس جاری کردیئے جائیں گے تاہم ابھی پہلے مرحلے میں ہم 3 بینکوں کو اجازت دینے پر غور کررہے ہیں۔

خرم دستگیر نے کہا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بھارت کے ریزرو بینک کو ایک خط لکھا ہے کہ پاکستان کے 3 بینک بھارت میں ا پنی شاخیں کھولنے کیلئے تیار ہیں ابھی یہ شاخیں کھولنے کا حتمی فیصلہ نہیں ہوا تاہم اس پر جلد پیشرفت متوقع ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ تجارت میں فروغ کے لئے بینکنگ کی سہولت بہت ناگزیر ہے اس لئے پہلے بینکنگ تعلقات قائم کرنا پڑیں گے، پاکستان تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کا خواہاں ہے اور بھارت کے ساتھ تمام تصفیہ طلب معاملات بھی باہمی مذاکرات اور پرامن طریقے سے حل کر نا چاہتا ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں