پنجاب یوتھ فیسٹیول کے دو مراحل کے مکمل ہونے پر شرکاء کی تعداد 28 لاکھ سے تجاوز کر گئی ‘ وزیر کھیل رانا مشہود،بہت جلدپنجاب یوتھ فیسٹیول میں اپنا ہی ریکارڈ توڑنے میں کامیاب ہو جائیں گے‘ پریس کانفرنس سے خطاب

جمعرات 16 جنوری 2014 20:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16 جنوری ۔2014ء) صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ پنجاب یوتھ فیسٹیول کے دو مراحل کے مکمل ہونے پر شرکاء کی تعداد 28 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے، بہت جلدپنجاب یوتھ فیسٹیول میں اپنا ہی ریکارڈ توڑنے میں کامیاب ہو جائیں گے، یوتھ فیسٹیول ایشیا کا سب سے بڑا پلیٹ فارم بن گیا ہے جہاں نوجوانوں کو ہر شعبہ زندگی میں اپنے جوہر دکھانے کا موقع مل رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار رانا مشہود احمد خان نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس میں کیا۔ اس موقع پر ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر کھیل نے کہا کہ میاں نواز شریف اور شہباز شریف کے ویژن اور حمزہ شہباز شریف کی کوششوں سے نوجوان نسل کو کھیلوں کے شعبہ میں اپنے جوہردکھانے کے مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

دیگر صوبوں کو بھی ایسے یوتھ فیسٹیول منعقد کرنے چاہیے تاکہ وہاں کے نوجوانوں کو بھی کھیلوں کے مواقعے مل سکیں۔

صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود کا کہنا تھا کہ اب کسی ملک سے جنگ نہیں ہوگی بلکہ کھیلوں کے میدانوں میں مقابلوں کے ذریعے ایک دوسرے کو مات دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ فیسٹیول میں امیر اور غریب میں کوئی فرق نہیں رکھا گیا ہے۔ یوتھ فیسٹیول کا تیسرا مرحلہ تحصیل کی سطح پر18 جنوری سے صوبہ بھر میں شروع ہو رہا ہے جس میں عوام الناس، انفرادی مقابلے، دیہاتی سیکٹر، سپورٹس سیکٹر، سکینڈری سکول (مرد) و (خواتین) کے علاوہ فیملی مقابلے ہونگے۔

ان کا کہنا تھا کہ 10 سیکٹرزمیں 91 کھیلوں کے ایونٹ منعقد کئے جائیں گے۔ جس میں کامیاب ہونے والوں میں3 لاکھ 17 ہزار 350 روپے کے نقد انعامات دیئے جائیں گے۔ رانا مشہوداحمد خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ایک ادارہ ہے ، ہماری حکومت اداروں کی مضبوطی چاہتی ہے کسی کے خلاف کوئی محاذ آرائی نہیں کرینگے بلکہ کرکٹ کے فروغ کے لیے حکومت پنجاب اپنا کردار ادا کرے گی۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت بلدیاتی انتخابات کرانے سے کبھی نہیں گھبرائی الیکشن کمشن آف پاکستان جب کہے گا صوبے میں الیکشن کرا دیئے جائیں گے۔ گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی یوتھ فیسٹیول کو صاف اور شفاف بنانے کے لیے 11 کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں جو معاملات کو ہرسطح پر مانیٹر کرتی رہیں گی۔ ٹرانسپینسی انٹرنیشنل جب چاہیے یوتھ فیسٹیول کو مانیٹر کر سکتی ہے۔

رانا مشہوداحمد خان کا کہنا تھا کہ 2014ء کے یوتھ فیسٹیول میں ایک نئی تاریخ رقم ہوئی ہے جیلوں کی سطح پر بھی مقابلوں کا انعقاد کرایا گیا ہے جس میں جیلوں میں قیدیوں نے بڑی دلچسپی لی ہے۔ انشاالله مستقبل میں بھی ایسی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی جن سے کھیلوں کو فروغ دیا جا سکے۔ 2013ء میں منعقد ہونے والے یوتھ فیسٹیول میں 32 لاکھ افراد نے شرکت کی تھی اس مرتبہ مختلف کھیلوں اور دیگر سرگرمیوں میں حصہ لینے والے افراد کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں