حبکو پاور پلانٹ میں تکنیکی خرابی سے مجموعی شارٹ فال 2600میگا واٹ تک پہنچ گیا ،لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ مزید بڑھ گیا ،گیس کی لوڈ شیڈنگ اور کم پریشر کے باعث عوام دوہری مشکلات کا شکار ،خواتین کو گھریلو امور کی انجام دہی میں مشکلات کا سامنا

جمعرات 16 جنوری 2014 20:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16 جنوری ۔2014ء) حبکو پاور پلانٹ میں تکنیکی خرابی سے 300میگاواٹ بجلی کی فراہمی معطل ہو نے سے مجموعی شارٹ فال 2600میگا واٹ تک پہنچ گیا ،شہری اور دیہی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ مزید بڑھ گیا ،گیس کی لوڈ شیڈنگ اور کم پریشر کے باعث عوام دوہری مشکلات کا شکار ہیں۔این ٹی ڈی سی حکام کے مطابق بجلی کی مجموعی طلب 11ہزارجبکہ پیداوار 8ہزار 400 میگاواٹ ہے۔

حبکو پاور پلانٹ میں خرابی سے سسٹم میں 300 میگاواٹ بجلی شامل نہیں ہو رہی جبکہ نہروں کی بندش کے باعث پن بجلی کی پیداوار پہلے ہی ساڑھے 6ہزار کی بجائے صرف ایک ہزار میگاواٹ حاصل ہو رہی ہے۔تھرمل پلانٹس ایک ہزار760. اور آئی پی پیز سے پانچ ہزار 640 میگاواٹ بجلی کا حصول ممکن ہو رہا ہے ۔شارٹ فال بڑھنے سے لوڈ شیڈنگ دورانیہ میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اورمختلف شہری علاقوں میں دورانیہ 8سے 12جبکہ دیہی علاقوں میں 16گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ لیسکو سرکل میں بعض گرڈ اسٹیشنز پر اسلام آباد سے فورس لوڈ شیڈنگ بھی کی جارہی ہے ۔دوسری طرف گیس کی لوڈ شیڈنگ اور کم پریشر کی شکایات بھی دور نہیں ہو سکیں جسکے باعث خواتین کو گھریلو امور کی انجام دہی میں مشکلات کا سامنا ہے ۔ خواتین کے مطابق گیس نہ آنے کی وجہ سے تین وقت کا کھانا بنانا محال ہو گیا ہے جسکے باعث گھریلو شیڈول بری طرح متاثر ہوا ہے ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں