پی ڈی ایم اے کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے جو سیلاب یا قدرتی آفات کے مواقع پر لوگوں کو فوری ریلیف فراہم کررہا ہے‘ ڈی جی پی ڈی ایم اے

جمعرات 16 جنوری 2014 15:58

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16جنوری 2014ء) افغانستان کے قدرتی آفات کے ادارے افغانستان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے تین رکنی وفد نے پنجاب پراونشل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کے آفس کا دورہ کیا۔ وفد میں افغانستان کے اے این ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل دائم خان کاکڑ ، ڈپٹی ڈائریکٹرجنرل پالیسی قاسم حیدر اور ریسرچ ایڈوائزر لائس مصطفی شامل تھے۔

وفدکے دورے کا مقصد پی ڈی ایم اے پنجاب کا قدرتی آفات اور سیلاب کے سلسلے میں فوری کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لینا ہے تاکہ وہ اس ادارے کے کام کرنے کے طریقہ کار کو اپنے ملک میں رائج کرسکیں۔ پراونشل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل محمد آصف نے وفد کو محکمہ بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محکمہ کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے جو سیلاب یا قدرتی آفات کے مواقع پر لوگوں کو فوری ریلیف فراہم کررہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ورلڈ فوڈ پروگرام کے تحت مظفر گڑھ اور لاہور میں 2جدید قسم کے ویئرہاؤسز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جہاں وسیع پیمانے پر کھانے پینے کی اشیاء اور امدادی سامان سٹور کیا گیا ہے جبکہ 8دیگر اضلاع میں بھی جہاں سیلاب کا خطرہ رہتا ہے وہاں بھی منی سٹوریج قائم کئے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ 8اضلاع میں پنجاب سویلین وائرلیس سسٹم متعارف کروایا گیا ہے جس کے ذریعے سیلاب یا دیگر آفات کے دنوں میں باآسانی متاثرہ علاقوں میں رابطہ کرکے امدادی سامان مہیا کیا جاتا ہے جبکہ جدید نظام کے تحت کسی بھی علاقے میں مون سون کے دوران پانی کی آمد اور پھیلاؤ بارے قبل از وقت معلومات حاصل کرکے امدادی سرگرمیاں شروع کردی جاتی ہیں۔

افغانستان کے اے این ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل دائم خان کاکڑ نے پی ڈی ایم اے کی کارکردگی کو بے حد سراہا اور خواہش ظاہر کی کہ ہم بھی افغانستان میں اپنے محکمہ کو بالکل اسی طرح فعال بنانے کی کوشش کریں گے تاکہ لوگوں کو فوری ریلیف مہیا کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے پنجاب کے تجربات کی روشنی میں آفغانستان میں بھی اسی قسم کا لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان سے جلد اس سلسلے میں مزید وفود پی ڈی ایم اے پنجاب آفس دورے کے لئے آئیں گے۔آخر میں ڈی جی پی ڈی ایم اے محمد آصف نے وفد کو شیلڈز اور تحائف پیش کئے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں