حکمرانوں کے پاس پاس یہ سنہری موقع ہے وہ پاک ایران گیس پائپ لائن کو پایہ تکمیل تک پہنچا کر عوام کو بجلی کے بحران سے نجات دلا ئیں ‘ منظور وٹو

بدھ 15 جنوری 2014 16:15

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15جنوری 2014ء ) پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری نے ایران کے ساتھ تاریخی معاہدہ کر کے ثابت کر دیا کہ پیپلز پارٹی ملکی مفاد میں کسی بیرونی دباؤ کو قبول نہیں کرتی ،اس معاہدہ کی تکمیل سے پاکستان کو غیر معمولی فائدہ پہنچے گا، یہ معاہدہ وقتی تقاضوں کے مطابق ہے جس سے پاکستان کی انرجی کی ضروریات کسی حد تک پوری ہو جائیں گی، حکمران وقت کے پاس یہ سنہری موقع ہے کہ وہ پاک ایران گیس پائپ لائن کو پایہ تکمیل تک پہنچا کر عوام کو بجلی کے بحران سے نجات دلا ئیں ۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو امریکہ ایجنڈے پر کارفرما رہتے ہوئے قباہتیں نظر آ رہی ہیں جو کہ ملکی مفادات کے منافی ہے ۔

(جاری ہے)

ملک میں گیس کی قلت کی وجہ سے فیکٹری، کارخانے بند ہو رہے ہیں ۔سی این جی سٹیشن بند پڑے ہیں اور گھریلو صارفین کو بھی مشکلات کا سامنا ہے اس کے برعکس ایران پر پابندیاں ہونے کے باوجود آرمینیا ایران سے گیس خرید رہا دوسری طرف جس ملک سے 10 سال جنگ رہی عراق بھی ایران سے گیس خرید رہا ہے انہوں نے کہا کہ اگر اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچا دیا جائے تو ملک میں گیس کی قلت کے ساتھ ساتھ ایک سال میں بجلی کا شارٹ فال بھی ختم ہو سکتا ہے ہائیڈرل اور تھرمل کے بعد گیس سستا ترین بجلی بنانے کا ذریعہ ہے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا قوم کو دیا ہوا یہ معاہدہ پاکستانی عوام کے لئے تحفہ ہے ، مسلم لیگ ن کی قیادت قومی مفادات اور ملک کی تعمیر و ترقی کے برعکس امریکہ مفادات زیادہ عزیز ہیں اور اس معاہدے کو ختم کرنے کے لئے پروپیگنڈہ کر رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں