نئی جماعت کے قیام کا مقصد ناراض ہو کر گھروں میں بیٹھنے والے نظریاتی کارکنوں کو پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے‘ صفدر عباسی

بدھ 15 جنوری 2014 14:01

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15جنوری 2014ء)پاکستان پیپلز پارٹی ورکرز کے صدر صفدر عباسی نے کہا ہے کہ نئی جماعت کے قیام کا مقصد نام نہاد قیادت کی پالیسیوں سے ناراض ہو کر گھروں میں بیٹھنے والے نظریاتی کارکنوں کو پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے ، آصف زرداری ہائیکورٹ میں تحریری طور پر پاکستان پیپلز پارٹی کو ایک این جی او قرار دے چکے ہیں اس لئے اس جماعت کی حقیقی کارکنوں کے نام رجسٹریشن کیلئے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا اور یہ کیس عدالت میں زیر سماعت ہے جسکی ناہید خان مکمل پیروی کر رہی ہیں ۔

صفدر عباسی نے نئی جماعت کے قیام کے حوالے سے اپنے موقف میں کہا ہے کہ ہمارا مقصد صرف پیپلز پارٹی کے ناراض اور نظریاتی کارکنوں کو ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے اور ہزاروں کی تعداد میں کارکن ہمارے ساتھ ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان پیپلز پارٹی کی رجسٹریشن کیلئے اس وقت الیکشن کمیشن سے رجوع کیا جب آصف زرداری اپنے وکیل وسیم سجاد کے ذریعے ہائیکورٹ میں لکھ کر دے چکے تھے کہ پیپلز پارٹی ایک این جی او ہے ۔

اسکے بعد ہم نے پارٹی کے سیکرٹری جنرل جہانگیر بدر کو کردار ادا کرنے کیلئے خط بھی لکھا لیکن انکی طرف سے بھی کوئی جواب نہ دیا گیا جسکے بعد ہم نے الیکشن کمیشن میں گئے اور ہماری درخواست پہلے جانے کے باوجود لطیف کھوسہ کی بعد میں آنیوالی درخواست پر انکے حق میں فیصلہ دیدیا گیا ۔ اس سلسلہ میں اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے اور اسے سماعت کے لئے منظور کر لیا گیا ہے ،ناہید خان اس کیس کی مکمل پیروری کریں گی ۔

جب تک عدالت میں اس کا فیصلہ ہوگا تب تک پاکستان پیپلز پارٹی ورکرز کے نام سے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ورکرز کی رجسٹریشن کیلئے بھی الیکشن کمیشن سے رجوع کرلیا ہے اور اسکے آئین اور عہدیداروں سمیت دیگر لوازمات جلد پورے کر لئے جائینگے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں