ایسا لگ رہا ہے عوام کے سانس لینے اور دو وقت کی روٹی کھانے پر بھی ٹیکس عائد کر دیا جائیگا ‘جمشید اقبال چیمہ

جمعہ 10 جنوری 2014 14:44

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10جنوری 2014ء)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے اقدامات سے لگ رہا ہے کہ آنیوالے دنوں میں عوام کے سانس لینے اور دو وقت کی روٹی کھانے پر بھی ٹیکس عائد کر دیا جائیگا ، (ن) کی حکومت نے انتخابات سے قبل دیا جانیوالا اپنا منشور ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا ہے اور اب صرف مراعات یافتہ طبقے کو سہولیات دینے کیلئے سکیمیں لائی جارہی ہیں۔

جمعہ کے روز خواتین کارکنوں کے ایک وفد سے ملاقات میں گفتگوکرتے ہوئے جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ عوام کو بجلی اور گیس میسر نہیں لیکن انکی قیمتوں میں آئے روز اضافہ کیا جارہا ہے ۔ بجلی کے بعد عوام پر گیس بم گرائے جانے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں جسکی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت سات ماہ میں اپناایک بھی ایسا کارنامہ نہیں بتا سکتی جس سے عوام کی زندگیوں میں کوئی سہولت آئی ہوالبتہ یہ ضرور ہوا ہے کہ مسلم لیگ(ن) نے انتخابات سے قبل عوام کو سبز باغ دکھانے کیلئے جو منشور دیا تھا اسے رد ی کی ٹوکری میں ڈال دیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ انشا اللہ تحریک انصاف کی حکومت بر سر اقتدار آئے گی تو عوام کو زندگی کی تمام سہولیات انکی دہلیز پر مہیا ہوں گی ۔ قانون صرف غریب کے لئے نہیں ہوگا بلکہ امراء پر بھی اس کا اطلاق کر کے دکھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے حکمران اپنی ناقص کارکردگی کے باعث بلدیاتی انتخابات سے راہ فرار اختیار کر رہے ہیں لیکن عوام انکی سازشیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں