جی ایس پی پلس کا درجہ حاصل ہونے سے یورپ کے 27ملکوں تک پاکستان کو ر سائی حا صل ہو گئی ہے‘ گورنر پنجاب ،اگلے چار برسوں میں پاکستان کی برآمدات 13بلین ڈالر سے بڑھ کر 26بلین ڈالر تک پہنچ جائیں گی‘ چوہدری محمد سرور

جمعرات 9 جنوری 2014 21:44

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9 جنوری ۔2014ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ جی ایس پی پلس کا درجہ حاصل ہونے سے یورپ کے 27ملکوں تک پاکستان کو ر سائی حا صل ہو گئی ہے،اگلے چار برسوں میں پاکستان کی برآمدات 13بلین ڈالر سے بڑھ کر 26بلین ڈالر تک پہنچ جائیں گی،جس سے لاکھوں کی تعداد میں ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور پاکستان میں صنعتی و اقتصادی ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔

انہوں نے یہ بات مارگلہ ویو ہاؤسنگ سکیم سیکٹر D-17اسلام آباد میں مارگلہ ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام واٹر فلٹریشن پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔تقریب میں سوسائٹی کے سی ای او شاہد اقبال رانا، گیلیشن کے عہدیدار نسیم عثمانی ، جاوید صدیقی اور سوسائٹی ممبران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی اور عوامی خوشحالی کے لئے ذات ، برادری اور گروہی اختلافات سے بالا تر ہو کر قومی سوچ اپنانے اور مل جل کام کرنے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے پاکستان میں مخیر افراد ، اداروں اور اورسیز پاکستانیوں کی طرف سے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے اور جو ادارے اس سلسلے میں معاونت کر رہے ہیں ان کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ ہپاٹائٹس ، ہیضہ ، ٹائیفائیڈ سمیت 80 فیصد بیماریاں آلودہ پانی کے استعمال سے پھیلتی ہیں اور پانی میں آرسینک کی تعداد بھی باعث تشویش ہے۔

انہوں نے کہا کہ پینے کے پانی کے نمونے حاصل کر کے ان کے ٹیسٹ کرائے جا رہے ہیں اور ہر ممکن حد تک پینے کے صاف پانی کی دستیابی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام امن ، رواداری ، ایثار اور قربانی کا درس دیتا ہے اور مفاد عامہ کے کاموں میں حصہ لے کر ہم اپنی دنیا اور آخرت سنوار سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ حضور کے اسوہ حسنہ اور تعلیمات سے بھی ہمیں یہی درس ملتا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہد اقبال رانا نے ہاؤسنگ سیکٹر میں نجی شعبے کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مارگلہ ویو ہاؤسنگ سکیم ہر طبقے کے افراد کے لئے ایک شاندار رہائشی منصوبہ ہے جس میں پاکستان کے ہر صوبے اور علاقے سے تعلق رکھنے والے لوگ آباد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہالینڈ سے درآمد شدہ واٹر فلٹریشن پلانٹ علاقے میں پینے کے صاف پانی کی ضروریات پوری کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ سکیم میں ایک رفاہی ہسپتال بھی تعمیر کیا جائے گا۔ نسیم احمد عثمانی نے اصلاحی اقدامات اور رفاہی منصوبوں کے لئے گورنر پنجاب کی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی ذاتی دلچسپی سے پاکستان میں بیرونی سرمایہ میں اضافہ ہو رہا ہے۔ قبل ازیں گورنر پنجاب نے واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کیا اور پلانٹ عطیہ کرنے والے افراد کے جذبے کو سراہا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں