پنجاب حکومت ٹی بی کے مرض میں مبتلا نادارافراد اورمزدوروں کے علاج معالجہ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے‘ راجہ اشفاق سرور

جمعرات 9 جنوری 2014 16:53

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9جنوری 2014ء) صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ ٹی بی جیسے موذی مرض پر قابو پانے اور اس کی روک تھام کے لیے تمام شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد اورادارے اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے ادا کریں، پنجاب حکومت وفاقی وصوبائی اداروں اور این جی اوز کے تعاون سے معاشرے کے نادار طبقات اور مزدوروں کو ٹی بی سے نجات دلانے کے لیے تمام وسائل برؤے کار لا رہی ہے۔

انہوں نے یہ بات جمعرات کے روز ایک مقامی ہوٹل میں پنجاب سوشل سکیورٹی اور پروونشل ٹی بی کنٹرول پروگرام کے زیر اہتمام بین الاقومی ادارے مرسی کورکے تعاون سے پنجاب میں ٹی بی کے مرض کو کنٹرول کرنے کے لیے اشتراک مضبوط بنانے کے حوالے سے منعقدہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

کمشنر سوشل سکیورٹی فرحان عزیز خواجہ ،ایگزیکٹو ڈائریکٹر مرسی کور میروین لی،ڈی جی ہیلتھ زاہد پرویز،کنٹری ڈائریکٹر ڈاکٹر عارف نور، نیشنل مینیجرنیشنل ٹی بی کنٹرول پروگرام ڈاکٹر اعجاز قدیر، ڈائریکٹر ہیلتھ پروگرام ڈاکٹر فرح نورین اور پروگرام مینیجر گلوبل فنڈگرانٹ ڈاکٹر سید حسین ہادی نے بھی ورکشاپ سے خطاب کیا۔

صوبائی وزیر راجہ اشفاق سرور نے ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹی بی مکمل طور قابل علاج ہے جبکہ اس مرض کی روک تھام کے لیے علامات ، تشخیص اور موثرعلاج کے ساتھ ساتھ نادار افراد میں اس مرض سے متعلق شعور اجاگر کرنے کی بھی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت پنجاب سے اس مرض سے خاتمے کے لیے مرسی کور جیسے بین الاقوامی اداروں کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور وفاقی و صوبائی اداروں ،این جی اوز ، عالمی ادارہ صحت اور گلوبل فنڈ کے باہمی اشتراک کومزید مضبوط بنا کر ٹی بی کے مرض کی روک تھام کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔

حکومت پنجاب صوبہ بھر کے سوشل سکیورٹی ہسپتالوں اور ہیلتھ سنٹرز میں اس مرض کی تشخیص اور مکمل علاج کے سلسلہ میں تمام سہولیات مفت فراہم کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ حفظان صحت اور صفائی کے اصولوں سے آگاہی کے لیے معاشرے کے غریب اور نادار طبقوں کا شعور اجاگر کیا جائے۔ کنٹری ڈائریکٹر ڈاکٹر عارف نور اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر مرسی کور مروین لی نے ورکشاپ کے شرکاء کو ادارے کے اغراض ومقاصد نیز پاکستان اور خاص طور میں پنجاب میں ٹی بی کو کنٹرول کرنے کے لیے کی جانے والی کاوشوں اور اقدامات سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ مرسی کور معاشرے میں صحت مند اور امراض سے پاک کمیونٹی کے فروغ کے لیے مختلف پروگراموں پر عمل پیرا ہے اور گلوبل فنڈ کی معاونت سے ایڈز اور ملیریا جیسے امراض کے خلاف بھی نبردآزماہے۔ انہوں نے بتایا کہ مرسی کور پاکستان میں ٹی بی کے خاتمے کے ساتھ ساتھ ماں اور بچے کی صحت اور نادار افراد کے لیے معاشی موقع پیدا کرنے جبکہ نوجوانوں کے لیے ہنر اور ملازمتوں کے حصول کے ساتھ ساتھ قدرتی آفات میں بھی مدد فراہم کرتی ہے۔ کمشنر سوشل سکیورٹی فرحان عزیز خواجہ نے اس موقع پر شرکاء کو ادارہ سوشل سکیورٹی پنجاب کے زیر اہتمام ہسپتالوں اور صحت مراکز میں ٹی بی کے علاج معالجہ کے حوالے سے دی جانے والی سہولیات سے آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں