آمروں کو ہمیشہ پنجاب لایا اور پنجاب ہی انکا ٹرائل کر رہا ہے ،مشرف اور ساتھ دینے والوں پر مقدمہ چلے گا تو خوشی ہو گی، غلام احمد بلور،دہشتگردی کی وجہ سے خیبر پختوانخواہ کے بچے مر رہے ہیں ، پنجاب میں بھی ایسا ہوتا تو فیصلے کرنے میں کبھی تاخیر نہ کی جاتی‘ سیمینار سے خطاب

بدھ 8 جنوری 2014 21:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8 جنوری ۔2014ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما و رکن قومی غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ آمروں کو ہمیشہ پنجاب لایا اور پنجاب ہی انکا ٹرائل کر رہا ہے ،اگر پرویز مشرف اور انکا ساتھ دینے والوں پر مقدمہ چلے گا تو خوشی ہو گی ،طالبان سے مذاکرات ہوں یا آپریشن جو ہونا ہے جلد ہو کیونکہ خیبر پختوانخواہ کے بچے مر رہے ہیں ، سارے فیصلے پنجاب کرتا ہے اگر پنجاب میں دہشتگردی سے بچے اور بچیاں مر رہے ہوتے تو پنجاب بھی جلد فیصلے کرتا ، ہمارے قائدین نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں قربانیاں دی ہیں اور ہم جمہوریت کی بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں ، عمران خان تبدیلی کے نام پر ووٹ لے کر آئے لیکن سات ماہ گزرنے کے باوجود کوئی تبدیلی نظر نہیں آسکی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روزلاہور پریس کلب میں عوامی نیشنل پارٹی پنجاب کے زیر اہتمام ” بشیر احمد بلور شہید “ کی برسی کے سلسلہ میں تعزیتی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

سیمینا ر سے عوامی نیشنل پارٹی کے احسان وائیں ،پیپلز پارٹی کے نوید چوہدری سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی شرکت کی ۔غلام احمد بلور نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے ہمیشہ دہشتگردوں کے خلاف واضح موقف اپنایا ہے اور ہم نے اسکی قیمت بھی چکائی ہے ۔

ہم قربانیاں دیتے رہیں گے لیکن دہشتگردوں کے آگے جھکیں گے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جب سے اقتدار میں آئی ہے ہم مذاکرات کا شور سن رہے ہیں لیکن بد قسمتی سے اس طرف کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ۔طالبان سے مذاکرات سنجیدگی اور نیک نیتی سے ہونے چاہئیں تاکہ صاف بات ہو ۔ مذاکرات ہوں یا آپریشن جو ہونا ہے جلد ہو کیونکہ ہمارے صوبے کے بچے مر رہے ہیں۔

سارے فیصلے پنجاب کرتا ہے اگر پنجاب میں بچے اور بچیاں دہشتگردی سے مرتے تو پنجاب بھی جلد فیصلے کرتا ۔ انہوں نے کہا کہ بشیر احمد بلور نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا ،ہم اصل میں جمہوریت کی بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خوشی ہو گی کہ اگر مشرف پر مقدمہ چلے اور جن لوگوں نے انکا ساتھ دیا انکے خلاف بھی مقدمہ چلنا چاہیے اور انکا ٹرائل ہونا چاہیے ۔

ڈکٹیٹروں کو اوپر چڑھاتا اور اتارنا پنجاب کام ہے ۔ غلام احمد بلور نے کہا کہ تحریک انصاف صوبے میں کوئی تبدیلی نہیں لا سکی ،عوام سے جو وعدے کئے گئے ان میں سے ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا گیا بلکہ آج صوبے میں کرپشن اپنے عروج پر ہے ۔ احسان وائیں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے دہشتگردوں کے خلاف جو موقف اپنایا ہے آ ج بھی اس پر قائم ہے ۔ بشیر احمد بلور نے عوام اور جمہوریت کے لئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت مذاکرات کے حوالے سے کنفیوژن کا شکار ہے اسے جو بھی فیصلہ کرنا ہے اسے نتیجہ خیز بنائے ۔ نوید چوہدری نے کہا کہ بشیر احمد بلور نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو اقتدار میں آئے ہوئے سات ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کر سکی جسکی وجہ سے ملک کو نقصان ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے جمہوریت اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی قائد بینظیر بھٹو کی قربانی دی ۔ ہم دہشتگردی کیخلاف جنگ میں آئندہ بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں