محکمہ لیبر پنجاب اور آئی ایل او کے زیر اہتمام تین روزہ ”انٹرنیشنل لیبر کنونشن“ 29اپریل تایکم مئی لاہور میں منعقد ہو گا

جمعرات 2 جنوری 2014 15:46

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 جنوری 2014ء) محکمہ لیبر و انسانی وسائل حکومت پنجاب انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے تعاون سے امسال لاہور میں29اپریل تا یکم مئی تین روزہ انٹرنیشنل لیبر کنونشن منعقد کررہا ہے جس میں چین،ملائیشیا اور ترکی سمیت جنوبی ایشیائی ممالک،یورپی یونین اور دنیا بھر سے لیبر و ایمپلائرزآرگنائزیشن،لیبرلاز ماہرین ،صنعت کار ،این جی اوز اور غیر ملکی وفود بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔

اس عالمی مزدور کنونشن کے انعقاد کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں اراکین صوبائی اسمبلی سائرہ افتخار اور حنا پرویز بٹ ،آئی ایل او کے سینئر پروگرام آفیسر سید سعد حسین گیلانی ،سیکرٹری لیبر کیپٹن (ر) محمد یوسف ،ڈی جی لیبر ویلفیئر ندیم اسلم چوہدر ی ،وائس کمشنر سوشل سکیورٹی شاہد عادل و دیگر اعلی افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر محنت راجہ اشفاق سرور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی بہترین پالیسیوں اور کاوشوں سے پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے بعد اس عالمی کنونشن کی اہمیت اور بھی بڑھ گئی ہے۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں کام کرنے والے مزدوروں کے مسائل کے خاتمے ،بین الاقوامی لیبر لازکے اطلاق ،مزدوروں کے حقوق کے تحفظ ،دیگر ممالک میں اس حوالے سے حاصل ہونیو الی کامیابیوں اور تجربات کے تبادلے کے حوالے سے یہ کانفرنس انتہائی اہمیت کی حامل ہے جس سے عالمی مارکیٹ میں پاکستانی افرادی قوت کی کھپت میں اضافے ،باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال اور مستقبل کا لائحہ عمل طے کرنے میں بھر پور مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس کنونشن کے لئے سارک چیمبرز اآف کامرس،پاکستان بھر کے چیمبرز آف کامرس،یورپی یونین اور غیر ملکی اداروں کا تکنیکی و ماہرانہ تعاون حاصل کیا جائے گا جبکہ ملکی و غیر ملکی سطح پر ورکرز ،ایمپلائرز ،این جی اوز سمیت تمام سٹیک ہولڈرز اور ڈونر ایجنسیاں بھی اہم کردار ادا کریں گے ۔ڈی جی لیبر ویلفیئر ندیم اسلم چوہدری نے انٹرنیشنل لیبر کانفرنس کے انعقاد کے حوالے سے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ عالمی سطح کے اس ایونٹ میں سارک ممالک کے وزراء بھی خصوصی طور پر شرکت کریں گے جبکہ سارک کلچرل و فیشن شو ،سارک فنکاروں کی دستکاریاں ،مزدور میلہ و انڈسٹریل نمائش ملکی و غیر ملکی مندوبین کیلئے خصوصی دلچسپی کا باعث ہوں گی۔

انہوں نے بتایا کہ اس کنونشن کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے وفاقی حکومت کا تعاون بھی حاصل کیا جا رہا ہے جبکہ تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے عمل میں تیزی لائی جا رہی ہے۔صوبائی وزیرراجہ اشفاق سرور نے تمام متعلقہ محکموں و اداروں کو ہدایت کی کہ لاہور میں انٹرنیشنل لیبر کنونشن کا انعقاد صوبہ پنجاب کیلئے بڑے فخرکی بات ہے اور اس ایونٹ کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے تمام متعلقہ افراد اہم پہلوؤں کو مد نظر رکھتے ہوئے مربوط کوششوں کے ذریعے اس کانفرنس کے تمام انتظامات بروقت مکمل کر لیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں