یونیورسٹیوں کے ذہین وفطین طلبا وطالبات سونے میں تولنے کے قابل ہیں‘ محمد شہبا زشریف،یہی نوجوان اسلامی اقدار پر مبنی معاشرے کی تشکیل اور نالج اکانومی کوترویج دیں گے ‘ وزیراعلیٰ پنجاب،پاکستان کو امن و آشتی ،تعمیر وترقی اور باہمی رواداری کے حوالے سے ایک مثالی ریاست بنائیں گے ‘ صوبائی وزیر تعلیم،نوجوان نسل کا ٹیلنٹ دنیا کے سامنے لا کر منفی پراپیگنڈہ کا مقابلہ کریں گے‘ جی سی یو کے 150 ویں فاؤنڈرز ڈے کے موقع تقریب سے خطاب

بدھ 1 جنوری 2014 20:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم جنوری ۔2014ء) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ پاکستان کے اعلی تعلیم یافتہ نوجوان صلاحیت کے اعتبار سے دنیا میں کسی سے کم نہیں،ہماری نوجوان نسل ایک محفوظ اور خوشحال پاکستان کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرنے کی پوری اہلیت رکھتی ہے، حکومت پنجاب اپنی نوجوان نسل کا ٹیلنٹ بھرپور انداز میں دنیا کے سامنے ”شوکیس“ کرے گی تاکہ پاکستان کے بارے میں عالمی سطح پرپھیلائے گئے منفی پراپیگنڈہ کا مقابلہ کیا جاسکے۔

انہوں نے یہ بات بدھ کے روز گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں اس تعلیمی ادارے کے 150 ویں فاؤنڈرز ڈے کے موقع پر ”جی سی “کی تاریخی اوول گراؤنڈ میں منعقد کی گئی شاندار تقریب سے خطاب میں کہی۔تقریب میں جی سی کے سابق پرنسپلز،جی سی یونیورسٹی لاہور کے سابق وائس چانسلرز،اولڈ راوینز یونین کے موجودہ صدر کامران لاشاری اور زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں مقام حاصل کرنے والے اولڈ راوینز نے بھی شرکت کی جن میں معروف ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر ثمر مبارک مند،لاہور ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس خواجہ محمد شریف،سابق چیف سیکرٹری پنجاب پرویز مسعود اور بہت بڑی تعداد میں سینئر بیوروکریٹس شامل ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے اس موقع پر وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کا خصوصی پیغام بھی پڑھ کر سنایا اور کہا کہ جی سی یونیورسٹی وزیراعظم محمد نواز شریف اور وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف دونوں کی مادر علمی ہے اور اس عظیم درسگاہ کا طالب علم رہنے پر ہمارے سیاسی قائدین فخروانبساط محسوس کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی خواہش ہے کہ جی سی یونیورسٹی سے تعلیم یافتہ تمام نوجوان اس بات کاعہد کریں کہ وہ اسلامی اقدار کے مطابق سماجی رویے اپنا کر پاکستان کو امن و آشتی ،تعمیر وترقی اور باہمی رواداری کے حوالے سے ایک ایسی ریاست بنائیں گے جو دنیا بھر میں ایک قابل تقلید مثال بن کر سامنے آئے۔

وزیراعلی محمد شہباز شریف کے مطابق ٹالرنس،ٹیلنٹ اور ٹیکنالوجی مل کر کسی بھی قوم کی ترقی کے لئے لازمی عناصر ہیں۔انہوں نے جی سی یونیورسٹی لاہور اور صوبے کی دیگر یونیورسٹیوں کے ذہین وفطین طلبا وطالبات کو سونے میں تولنے کے قابل قرار دیا اور کہا کہ یہی نوجوان آگے چل کر پاکستان کو نالج اکانومی سے مستفید کریں گے اورپنجاب کی دھرتی کو دنیا کے سب سے زیادہ پر امن اور خوشحال خطے میں تبدیل کرکے دکھائیں گے۔

وزیراعلی پنجاب نے گورنمنٹ کالج لاہور کی ڈیڑھ سو سالہ تاریخ کو کامیابی کی بے مثال داستان قرار دیا اورکہا کہ یہ بات پوری قوم کے لئے باعث فخر ہے کہ وہ حریت فخر جو قیام پاکستان پر منتج ہوئی،وہ اسی عظیم درسگاہ کے پروردہ ڈاکٹر علامہ محمد اقبال  کے ذہن رسا کی پیداوار تھی۔جس طرح یہ درسگاہ ایک درخشاں ماضی رکھتی ہے،اسی طرح مستقبل میں بھی یہاں سے فارغ التحصیل ہونے والے قابل سپوت پاکستان کے درخشاں مستقبل کی ضمانت بنیں گے۔

وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی ڈاکٹر خلیق الرحمان نے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ ڈاکٹر عبدالسلام کا ایک نوبل پرائز پاکستان کے حصے میں آیا ہے جب کہ گورنمنٹ کالج لاہور کو ایک نہیں دو نوبل انعام یافتہ سائنسدانوں کی تربیت کا اعزاز حاصل ہے ۔نہ صرف ڈاکٹر عبدالسلام کا تعلق جی سی یونیورسٹی سے تھا، قیام پاکستان سے پہلے جی سی کے اولڈ سٹوڈنٹ ڈاکٹر ہر گوبند کھورانہ کو بھی نوبل پرائز جیتنے کا اعزاز حاصل ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جوہری سائنسدانوں کی وہ جماعت جس نے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا،اس کے زیادہ تر ارکان نے گورنمنٹ کالج لاہور میں تربیت پائی۔اسی طرح لینن انعام یافتہ فیض احمد فیض ،نامور شاعر اور دانشور صوفی غلام مصطفے تبسم ،پطرس بخاری، ن م راشد،ڈاکٹر نذیر احمد اور دیگر سینکڑوں مشاہیر کا تعلق جی سی لاہور سے رہا ہے جن میں ڈاکٹر ثمر مبارک مند بھی شامل ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں