سندھ کھنڈرات میں تبدیل ہو رہا ہے، سب سے ابتر صورتحال لاڑکانہ کی ہے، حلیم عادل شیخ

حکومت نے سندھ کو تباہی کے دہانے پر لاکر کھڑا کردیاہے جبکہ یہاں اپوزیشن نام کی بھی کوئی چیز نہیں ہے، صدر مسلم لیگ (ق)سندھ

جمعہ 10 اپریل 2015 19:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 اپریل۔2015ء) ترپاکستان مسلم لیگ سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ سندھ کھنڈرات میں تبدیل ہو رہا ہے ۔اگر اضلاع کی درجہ بندی کی جائے تو لاڑکانہ تباہی اور بربادی کے حساب سے پہلے نمبر پر ہو گا ۔کراچی کے عوام کو زہریلا پانی فراہم کیا جا رہا ہے حکمران مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں ۔پاکستان کو اس وقت انتخابی سیاست کی نہیں فلاحی سیاست کی ضرورت ہے ۔

سیاسی جماعتیں انتخابی سیاست کے بجائے خدمت اور فلاحی سیاست کا انداز اپنائیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ پر مختلف اخبارات کے مدیروں ،سینئر صحافیوں اور کراچی پریس کلب کے عہدیداروں کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے کے موقع پر گفتگو کے دوران کیا ۔اس موقع پرالیاس شاکر ،مختارعاقل،سعید خاور،جبارخٹک ،سلیم احمد،خورشیدعباسی،فاضل جمیلی،مقصود یوسفی،سجادعباسی،عابد حسین،سیدصفدرعلی،شہزاد چغتائی،آغاخالد،حنیف عابد،جی آربلوچ نعیم عادل شیخ اور دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ حکومت نے صوبے کو تباہی کے دہانے پر لاکر کھڑا کردیاہے جبکہ یہاں اپوزیشن نام کی بھی کوئی چیز نہیں ہے انہوں نے دانشوروں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کے مسائل اجاگر کرنے میں میڈیا ایک ڈھال کا کردار ادا کررہاہے۔اس سلسلے میں ہم سنیئر صحافیوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ عوام کے فلاح وبہبود سے جڑے مسائل کو اجاگر کرنے میں اپنا کردارادا کرتے رہیں۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے اپنی نااہلی،کرپشن اور لوٹ مار کی سیاست کے ذریعے سندھ کو جس انداز میں تباہ و برباد کیا ہے اس کے نتیجے میں وہ دن دور نہیں جب پورا سندھ موئن جو دڑو کے کھنڈرات کی مانند ہوجائے گا ۔سندھ کے عوام کی بد قسمتی ہے کہ جس جماعت کو انہوں نے اپنی قیادت کے لیے منتخب کیا وہ جماعت ہی ان کی تباہی و بربادی کا سامان کررہی ہے ۔

موجودہ سندھ حکومت کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو لاڑکانہ جو ان کا سیاسی گڑھ ہے اس کی صورت حال جاکر دیکھ لی جائے ۔سندھ کے تمام اضلاع میں سب سے ابتر صورتحال لاڑکانہ کی ہے ۔ لاڑکانہ کے عوام موجودہ حکومت سے متنفر ہو چکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام کو زہریلا پانی فراہم کیا جا رہا ہے ۔کینجھر جھیل میں سیوریج کے نالوں کا ہی نہیں صنعتی علاقوں کا گندا پانی بھی شامل ہورہاہے۔

یہی وجہ ہے کہ نگلیریا ،ہیپاٹائٹس اور دیگر خطرناک امراض میں آئے دن اضافہ ہو رہا ہے ۔آج کے جدید دور میں کراچی جیسے بین الاقوامی شہر کے باشندوں کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں ہے ۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ اپنا طرز سیاست تبدیل کریں ۔سیاسی جماعتیں انتخابی سیاست کے خول سے باہر نکل کربلا تفریق انسانی خدمت اور فلاحی سیاست کا آغاز کریں ۔

عوام کے اجتماعی نہیں انفرادی مسائل کو حل کرنے پر توجہ دیں ۔سیاست محض ڈرائنگ روم کے اجلاسوں اور انتخابی جلسوں اور ریلیوں سے خطابات کا نام نہیں ہے ۔جب تک سیاست دان عوام کے گھروں میں نہیں جائیں گے ،ان کے مسائل حل نہیں ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت دنیا کے ترقی یافتہ ہی نہیں ترقی پذیر ممالک میں بھی سب سے پیچھے ہیں ۔ملک کی ترقی ،خوشحالی اور استحکام عوام کی ترقی ،خوشحالی اور استحکام کے بغیر ممکن ہی نہیں ہے ۔عوام کے صبر کا پیالہ لبریز ہو چکا ہے ۔حکمرانوں نے ہوش کے ناخن نہ لیے تو پاکستان کے وجود کو خطرات لا حق ہو سکتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں