کراچی اسٹاک ایکس چینج میں تیزی ،سرمایہ کاری مالیت میں46ارب39کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ

مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس126.61پوائنٹس اضافے سے 32013.91پوائنٹس پر بند ہوا

جمعرات 9 اپریل 2015 17:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء) کراچی اسٹاک ایکس چینج میں تیزی کا تسلسل جاری ہے ۔ کاروباری ہفتے کے چوتھے روزجمعرات کو بھی تیزی رہی اور کے ایس ای 100انڈیکس کی31900اور 32000کی نفسیاتی حدیں بحال ہوگئیں ۔سرمایہ کاری مالیت میں46ارب39کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ،کاروباری حجم گذشتہ روز کی نسبت21.62فیصدکم جبکہ47.71فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

فروخت کے دباوٴ اور پرافٹ ٹیکنگ کے باعث کاروبار کا آغاز منفی زون میں ہوا ۔ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس 31710پوائنٹس کی نچلی سطح پر بھی ریکارڈ کیا گیا ۔تاہم حکومتی مالیاتی اداروں،مقامی بروکریج ہاوٴسز اور دیگر انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے پٹرولیم ،توانائی اور سیمنٹ سیکٹر میں خریداری کے باعث مندی کے اثرات زائل ہوگئے ۔

(جاری ہے)

تاہم اتارچڑھاوٴ کا سلسلہ سارا دن جاری رہا ۔مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس126.61پوائنٹس اضافے سے 32013.91پوائنٹس پر بند ہوا ۔ مجموعی طور پر350کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا ،جن میں سے160کمپنیوں کے حصص کے بھاوٴ میں اضافہ167کمپنیوں کے حصص کے بھاوٴ میں کمی جبکہ23کمپنیوں کے حصص کے بھاوٴ میں استحکام رہا ۔سرمایہ کاری مالیت میں46ارب 39کروڑ2لاکھ91ہزار308روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر70کھرب66ارب 46کروڑ84لاکھ 21ہزار528روپے ہوگئی ۔

جمعرات کو مجموعی طور پر کاروباری سرگرمیاں20کروڑ8لاکھ 45ہزار 770شیئرز رہیں جوبدھ کے مقابلے میں5کروڑ 54لاکھ1ہزار140 شیئرزکم ہیں ،قیمتوں کے اتار چڑھاوٴ کے حساب سے نیسلے پاک کے حصص سرفہرست رہے ،جس کے حصص کی قیمت275.00روپے اضافے سے10250.00روپے اوریونی لیور فوڈز کے حصص کی قیمت256.95روپے اضافے سے8312.00روپے ہوگئی ۔نمایاں کمی ہینو پاک موٹرز کے حصص میں ریکارڈ کی گئی ،جس کے حصص کی قیمت17.62روپے کمی سے930.38جبکہ فضل ٹیکسٹائل کے حصص کی قیمت13.48روپے کمی سے374.11روپے ہوگئی ۔

جمعرات کو ٹی آر جی پاک کی سرگرمیاں2کروڑ65لاکھ67ہزار500 شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں ،جس کے شیئرز کی قیمت1روپے اضافے سے17.60روپے جبکہ جہانگیر صدیقی اینڈ کو کی سرگرمیاں1کروڑ78لاکھ36ہزار شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں ،جس کے شیئرز کی قیمت93پیسے اضافے سے21.75روپے ہوگئی ۔ کے ایس ای 30انڈیکس70.77پوائنٹس اضافے سے 20257.71پوائنٹس ،کے ایم آئی 30انڈیکس46.91پوائنٹس اضافے سے 52691.00جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس153.28پوائنٹس اضافے سے 22715.15پر بند ہوا ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں