19 اپریل کو پی ٹی آئی کا جلسہ جناح گراؤنڈ میں ہی ہوگا،الطاف حسین کی پالیسی دوغلی ہے ، اچھی بات کرکے لوگوں پر ڈنڈے برساتے ہیں ، تحریک انصاف کے کارکنوں نے خوف کے بت توڑ دیئے ، پی ٹی آئی کارکن تصادم سے گریز کریں ، 2015 الیکشن کا سال ہے ، کراچی کو امن اور روشنیوں کا شہر بنانا ہے ، این اے 246کے لوگوں سے کہتاہوں کہ ڈرنانہیں ، خوف کی فضا زیادہ دیر قائم نہیں رہ سکتی ، شاندار استقبال کرنے پر کراچی کے عوام کے شکرگزار ہوں

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کاکریم آباد میں پی ٹی آئی کی ریلی سے خطاب

جمعرات 9 اپریل 2015 16:26

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء ) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ 19 اپریل کو پی ٹی آئی کا جلسہ جناح گراؤنڈ میں ہی ہوگا،الطاف حسین کی پالیسی دوغلی ہے ، اچھی بات کرکے لوگوں پر ڈنڈے برساتے ہیں ، تحریک انصاف کے کارکنوں نے خوف کے بت توڑ دیئے ، پی ٹی آئی کارکن تصادم سے گریز کریں ، 2015 الیکشن کا سال ہے ، کراچی کو امن اور روشنیوں کا شہر بنانا ہے ، این اے 246کے لوگوں سے کہتاہوں کہ ڈرنانہیں ، خوف کی فضا زیادہ دیر قائم نہیں رہ سکتی ، شاندار استقبال کرنے پر کراچی کے عوام کے شکرگزار ہوں ۔

جمعرات کو کریم آباد میں پی ٹی آئی کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ایم کیو ایم نے دعوت دیکر ہمارے کارکنوں پر ڈنڈے برسائے جس کی سخت مذمت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

الطاف حسین دوغلی پالیسی رکھتے ہیں ، ایک طرف وہ اچھی باتیں کرتے ہیں دوسری طرف لوگوں پر ڈنڈے برساتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کراچی کو پرامن اور روشنیوں کا شہر بنانا ہے ، ہماری پارٹی امن کی پارٹی ہے ۔

کارکنوں سے کہتا ہوں کہ کبھی بدلہ نہ لینا ، تحریک انصاف کے کارکن کسی قسم کے تصادم سے گریز کریں ۔ انہوں نے کہا کہ 19 اپریل کو پی ٹی آئی کا جلسہ جناح گراؤنڈ میں ہی ہوگا ،ا س دن جناح گراؤنڈ چھوٹا پڑ جائے گا۔ عوام صبر کریں ،اب زیادہ دیر نہیں ہے ، جلد ہی یہ ظلم ختم کردیں گے ، ہم نے بندوق کا مقابلہ بندوق سے نہیں لینا ، این اے 246 کے لوگوں سے کہتا ہوں کہ ڈرنا نہیں، خوف کی فضا زیادہ دیر قائم نہیں رہ سکتی ۔

کراچی میں کارکنوں نے خوف کا حصار توڑ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ عمران اسماعیل کے کیمپ پر دو مرتبہ حملہ کیا گیا۔اس کے باوجود وہ کھڑے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 2015ء الیکشن کا سال ہے ، کراچی سے تبدیلی آئے گی تو پاکستان میں تبدیلی آئے گی ، عمران خان نے کہا کہ شاندار استقبال کرنے پر کراچی کے لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔قبل ازیں جب عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کا کاررواں جناح گراؤنڈ پہنچاتو ان کے ہمراہ ان کی اہلیہ ریحام خان اور دیگررہنمابھی موجود تھے۔

اس موقع پر ایم کیو ایم کی جانب سے ان کا استقبال کیا گیا۔ ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی جانب سے ان کیلئے تحائف سونے کا سیٹ اور قمیض شلوار نہ دیئے جاسکے۔ عمران خان کے ہمراہ جہانگیر ترین،عمران اسماعیل، علی زیدی، اسد عمر اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ عمران خان کے جناح گراؤنڈ پہنچنے پر ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، خالد مقبول صدیقی، حیدرعباس رضوی، وسیم اختر کے علاوہ اس حلقے سے ایم کیو ایم کے امیدوار کنور نوید جمیل بھی استقبال کیلئے موجود تھے۔

تمام رہنماؤں نے آپس میں مصافحہ کیا۔ پی ٹی آئی کے امیدوار عمران اسماعیل سے کنور نوید جمیل خوشگوار موڈ میں ملے۔ اس موقع پر ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کے کارکنوں نے نعرے بازی کی اور ان کی آپس میں ہاتھا پائی بھی ہوئی ۔ تصادم کے دوران ایک دوسرے پر پتھراؤ بھی کیا گیا اور ایک دوسرے پر ڈنڈے چلائے گئے۔اس صورتحال کی وجہ سے بھگدڑ مچ گئی۔اس سے قبل عمران خان کے کارواں کے راستے میں لوگوں کی جانب سے استقبال اور خیرمقدمی نعرے لگائے گئے۔ عمران خان نے گاڑی کی چھت پر آکر جواب دیا۔کراچی میں عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کی حلقہ این اے 246 میں انتخابی ریلی پی ٹی آئی کی ریلی اور عمران خان کی آمد کے موقع پر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں