محکمہ خوراک میں کوئی بدعنوانی برداشت نہیں کی جائے گی ،گیان چند اسرانی

بدھ 8 اپریل 2015 22:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء) صوبائی وزیر خوراک ‘ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ‘ جنگلات و جنگلی حیات و اقلیتی امور گیان چند اسرانی نے محکمہ خوراک کے تعارفی اجلاس کی صدارت کی جس میں سیکریٹری خوراک آفتاب میمن سمیت محکمہ کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ خوراک میں کسی بھی قسم کی بدعنوانی برداشت نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

محکمہ کے افسران نے صوبائی وزیر کو باردانہ کے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا جس پر صوبائی وزیر نے ہدایات دیں کہ باردانہ کی تقسیم کے عمل کو شفاف بنایا جائے اور سندھ کے تمام اضلاع میں گندم کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ گندم کی خریداری میں چھوٹے کاشتکاروں کو ترجیح دی جائے گی اور پچھلے سال جن کاشت کاروں نے محکمہ خوراک کے ساتھ تعاون کیا انہیں بھی ترجیحی فہرست میں رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ میں منصفانہ طریقے سے گندم کی فراہمی ہمارا نصب العین ہے اگر مجھے کسی بھی شکایت کی اطلاع ملی تو متعلقہ افسران اور عملہ کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ صوبائی وزیر نے تمام افسران کو تاکید کی کہ وقت کی پابندی کو اپنا شعار بنائیں اس سلسلہ میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں