کراچی کے بہتر مستقبل کیلئے پرامن اور صاف شفاف انتخابات کا انعقاد بہت ضروری ہے،حلیم عادل شیخ

عمران خان کو کراچی والوں کے دل جیتنے کیلئے فاتحانہ کی بجائے دوستانہ انداز اپنانا ہوگا،صدر ق لیگ سندھ

بدھ 8 اپریل 2015 18:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء) مسلم لیگ سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ کراچی کے حلقہ این اے 246میں شکست یا کامیابی مسئلہ نہیں ہونا چاہیے ،اس شہر کے بہتر مستقبل کے لیے پرامن اور صاف شفاف انتخابات کا انعقاد بہت ضروری ہے ، اس بار اس شہر کراچی میں کئی دہائیوں بعد ایک غیر جانبدارانہ الیکشن کی توقع کی جارہی ہے ،جس کے باعث شہر میں خوف کی فضاء کا خاتمہ بھی ہوتا نظر آرہاہے ۔

PTIکے سربراہ عمران خان کو کراچی والوں کے دل جیتنا ہے تو انہیں فاتحانہ کی بجائے دوستانہ انداز اپنانا ہوگا ۔اس کے لیے کسی بھی جماعت کی شکست یا کامیابی کو معنی نہیں رکھتی مگر دونوں حریف جماعتو ں کو انتخابی ضابطہ اخلاق کا خصوصی خیال رکھنا چاہیے تاکہ شہر کراچی جو ایک دہائی سے خوف کی کالی گھٹاؤں کی زد میں تھا اس سے وہ نکل سکے اور اس طرح حلقے کے عام ووٹرز کو اپنے ووٹ کی اہمیت حاصل ہوسکے اور وہ اپنے ووٹ کے حق کو بھرپور طریقے سے استعمال کرتے ہوئے ایسی شخصیت کو آگے لاسکے جو ان کے مسائل کو حل کرنے کی اہلیت رکھتا ہو،اس بار امید کی جارہی ہے کہ ایک طویل عرصہ کے بعد لوگ ایک آزاد شہری کی حیثیت سے ووٹ کاسٹ کرسکیں گے جو کہ ان کا ایک بنیادی حق ہے کہ وہ اپنی مرضی کا کینڈیٹ منتخب کرسکیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کا دل ہے ہم سمجھتے ہیں کہ انتخابات میں حصہ لینے والی تمام سیاسی پارٹیوں بلخصوص دو اہم حریف جماعتوں کو بھی اس میں معاملہ فہم اور سیاسی بصیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے اپنے تیزوتند بیانات کی نیزہ بازی سے گریز کرنا چاہیے تاکہ الفاظ کے چناؤ میں احتیاط برتتے ہوئے عوام کی دل آزاری سے بچا جاسکے اور ویسے بھی جارحانہ انتخابی مہم کسی بھی جماعت کے مفاد میں نہیں ہے اس سے الٹا نقصان عوام کو پہنچتا ہے ،اگر کراچی کے عام شہری نے ترقی کرناہے تو سیاسی جماعتوں کے لیے کوئی بھی ایریا نوگو ایریا نہیں ہونا چاہیے ۔

حلقہ این اے 246کا الیکشن ایک اہم الیکشن ہے جس کے لیے تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل ہے کہ وہ پرامن انتخابات کے لیے اپنا اپنا کردار ادا کریں اگر اس دوران کو ئی انتشاریا شعلہ بلند کرتا ہے تواس کو بھڑکانے کی بجائے یعنی اسے ہوا دینے کی بجائے بجھانے کی کوشش کرنی چاہیے تاکہ انتشار کی کسی بھی کیفیت میں سرکای املاک اور بلخصوص عوام کا جانی اور مالی نقصان ہونے سے بچ سکے۔

مسلم لیگ سندھ کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ اپنے بیان میں مسلم لیگ سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے اپنے پیغام میں کہا کہ 23اپریل کو کامیابی کاتاج کس کے سر جائے گا اس کا فیصلہ عوام نے ہی کرنا ہے۔حالات کو بہتر کرنے کا واحد راستہ بھی یہ ہی ہے کہ عوام کے ووٹوں سے ملک میں حقیقی تبدیلی لائی جائے ۔سیاسی جماعتوں کو تشدداور تصادم کی بجائے تحمل اور برداشت کو اپنا وطیرہ بنانا چاہیے ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں