شہداء کے قاتلوں کو پھانسی ملنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،ڈاکٹرایس ایم ضمیر

بدھ 8 اپریل 2015 16:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سینئرنائب ڈاکٹرایس ایم ضمیرنے کہا ہے کہ میڈیا کی اطلاعات کے مطابق سانحہ ماڈل ٹاؤن پر بننے والی جے آئی ٹی نے وزیراعلیٰ پنجاب کو بے گناہ قرار دے دیا ہے۔ انہوں نے ردعمل میں کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے جے آئی ٹی بنانے سے پہلے ہی فیصلہ لکھوا لیا تھا مگر قاتل پولیس کے نمائندوں پر مشتمل جے آئی ٹی کی کلین چٹ ان کے کسی کام نہیں آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے سانحہ کوٹ رادھا کشن پر بننے والی جے آئی ٹی کی رپورٹ اٹھا کر ردی کی ٹوکری میں دی ،ماڈل ٹاؤن پر بننے والی جے آئی ٹی کی نام نہاد تحقیقات کا مقدر بھی ردی کی ٹوکری ہے۔ انہوں نے کہا کہ متنازعہ جے آئی ٹی ہمارا بیان لینے کیلئے فرضی نوٹس جاری کرتی رہتی ہے۔

(جاری ہے)

جے آئی ٹی کے سامنے پیش نہ ہونے کے حوالے سے ہمارا موقف اصولی اور قانونی ہے۔

ہم ایسی جے آئی ٹی کے سامنے کیوں پیش ہوں جس کے نمائندوں میں وہی لوگ شامل ہیں جن کے ہاتھوں پر ہمارے 14 بے گناہوں کے خون کے داغ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا کوئی نمائندہ جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوا نہ ہو گا ۔جے آئی ٹی کیا اندھی ہے جسے چینلز کی فوٹیج میں قاتل نظر نہیں آتے؟ انہوں نے کہا کہ ایف آئی آر کے نامزد ملزمان کو سلیوٹ کرنے والی جے آئی ٹی سے انصاف کی توقع کیسے کر سکتے ہیں؟۔

انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی وقت ضائع کررہی ہے۔ جس جے آئی ٹی کے روبرو سانحہ کے اصل مظلوم فریق پیش نہیں ہوئے اس کی رپورٹ کی کوئی حیثیت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے قاتلوں کو پھانسی ملنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے اور سانحہ ماڈل ٹاؤن پر بننے والے جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کی کاپی ملنے کے بعد انصاف حاصل کرنے کیلئے اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں