سیرت مصطفی سوشل ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیر اہتمام عظیم الشان غوث الاعظم کانفرنس کا انعقاد جامعہ کراچی کے آرٹس آڈیٹوریم میں کیا گیا

جس میں نہ صرف ملک پاکستان بلکہ عالمی شہرت یافتہ ثناء خوانانِ رسولﷺ نے بارگاہ رسالت اور بارگاہ غوثیت میں عقیدتوں کے پھول نچھاور کئے

منگل 7 اپریل 2015 22:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء) سیرت مصطفی سوشل ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیر اہتمام مورخہ ۷ اپریل ۲۰۱۵ ءء کو عظیم الشان غوث الاعظم کانفرنس کا انعقاد جامعہ کراچی کے آرٹس آڈیٹوریم میں کیا گیا جس میں نہ صرف ملک پاکستان بلکہ عالمی شہرت یافتہ ثناء خوانانِ رسولﷺ نے بارگاہ رسالت اور بارگاہ غوثیت میں عقیدتوں کے پھول نچھاور کئے اور شان ِ حضور سرور کونین احمد مجتبیٰ محمد مصطفی ﷺ اور غوث الاعظم دستگیر کے اوصاف کو اپنی علمی قابلیت سے اجاگر کیا۔

سیرت مصطفی سوشل ویلفیئر آرگنائزیشن جامعہ کراچی کا قیام 2007 میں عمل میں لایا گیا ۔ سیرت مصطفی سوشل ویلفیئر آرگنائزیشن میں بلا تفریق جامعہ کراچی سے متعلقہ تمام احباب شامل ہیں جن میں طلباء وطالبات ،غیر تدریسی عملہ، آفیسرز اور تدریسی عملہ بھی شامل ہے۔

(جاری ہے)

سیرت مصطفی سوشل ویلفیئر آرگنائزیشن غیر سیاسی طور پر اپنے کام کو بخوبی سر انجام دیتی رہی ہے۔

جس کی ایک جیتی جاگتی مثال موجود غوث الاعظم کانفرنس ہے۔سیرت مصطفی سوشل ویلفیئر آرگنائزیشن کے صدر محمد احمد قادری اور منتظمین میں رئیس الحسن ، محمد آصف، دلشاد قادری، عبیدالحسن، الماس عسکری، واحد قادری، حافظ منظور، حافظ عبداللہ، حافظ محمد عبد الصمد خان، محمد علی ، یٰسین منائی ، ڈاکٹر طارق راجپوت ، ڈاکٹر محمود صابری،شعیب رضا اور پروفیسر ڈاکٹر محمد احمد قادری شامل ہیں۔

نظامت کے فرائض ا سماء تبسم اور سید محمد خالد جمال نے انجام دئے۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلامِ پاک سے ہوا جس میں ملک کے مشہور ومعروف حافظ وقاری مبیس احمد نعیمی صاحب نے اپنے خوبصورت اور خوش الہان انداز میں تلاوت قرآن پاک کی۔کانفرنس میں شامل عنوانات میں " افکار شیخ عبد القادر جیلانی اور ہمارے معاشرتی مسائل" پر شعلہ بیان مقرر جناب پروفیسر ڈاکٹر محمد احمد قادری صاحب نے اپنے مخصوص انداز میں مذہبی اسکالر کے طور پر روشنی ڈالی اورہمہ جہت پہلوؤں کو اجاگر کیا۔

علاوہ ازیں ڈاکٹر صاحب نے ذات صدیق اکبر پر آنے والے یوم صدیق اکبر کے حوالے سے گفتگو کی اور اوصاف ِصدیق ِ اکبر کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا۔علاوہ ازیں " فضائل گیارھیوں شریف" کے موضوع پر مفتی شہریار صاحب نے حضرت شیخ عبد القادر جیلانی  کے اوصاف ِمبارکہ کو بیان کرتے ہوئے حاضرین محفل کی توجہ کو کانفرنس کے موضوع کی طرف متوجہ کئے رکھا۔

دیگر مقررین میں سے ڈاکٹر عمیر صدیقی صاحب جو کہ عالم اسلام کی معروف قرر اور شخصیت کے طور پر پہچانے جاتے ہیں نے " شان غوث الاعظم " جیسے اہم موضوع پر اپنے پر اثر انداز میں بیان فرمایا۔ دوران کانفرنس سامعین کے قلوب کو مدحت حضورسرور کونین کے ذکر سے منور کرنے والوں میں سب سے نمایاں عالم اسلام کے معروف ثناء خواں جناب علامہ محمود الحسن اشرفی تھے۔

جنہوں نے اپنے مخصوص انداز میں سامعین کی توجہ شان رسالت اور شان غو ث الاعظم پر مرکوز رکھی ۔ دیگر ثناء خوانان رسول میں نصرت صدیقی ، حافظ سید محمد انس قادری، حافظ زبیر احمد اور حافظ سلمان شامل تھے۔سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے روح ِ رواں حضرت علامہ بشیر احمد فاروقی صاحب جوکہ روحانی اسکالر اور استخارے کے ذریعے رہنمائی فرمانے کے حوالے سے جانی ، پہچانی شخصیت ہیں۔

حضرت صاحب بھی غوث الاعظم  کانفرنس میں بحیثیت مبصر اور دعا گو شخصیت کے طور پر موجود تھے حضرت صاحب نے غوث الاعظم  کانفرنس کے سلسلے میں خصوصی دعا فرمائی۔کانفرنس کا اختتام منقبت اور صلاة والسلام کے ساتھ ہوا اورآخر میں لنگر کا بھی خاص اہتمام کیا گیا تھا۔قابل ذکر شرکاء میں محمد ریحان صدیقی پریزیڈنٹ آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن، فیصل ہاشمی، جوائنٹ سیکریٹری ، عدیل احمد ایگزیکٹو ممبر اور نو ر الامین پریزیڈنٹ یونائیٹڈ گروپ شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں