یتیم بچوں کو سہارا دینے کے لئے حکومت اپنی سماجی بھلائی کی سرگرمیوں کو تیز سے تیز کرنے کی کوشش کر رہی ہے،وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ

پاکستان سوئیٹ ہوم کی انتظامیہ آگے آئیں اور صوبہ سندھ کے دیگر ڈویژنل و ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں بھی اپنے سوئیٹ ہوم قائم کریں،تقریب سے خطاب

منگل 7 اپریل 2015 22:04

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء) وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت یتیم خانوں کی سرپرستی کریگی اور ان اداروں کو بھی چاہیے کہ وہ یتیموں کو بے آسرا نہ چھوڑیں کہ وہ دہشت گرد عناصر کا آلہ کار نہ بن جائیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے پاکستان سوئیٹ ہوم (یتیم خانہ) کی انتظامیہ سے کہا کہ وہ آگے آئیں اور صوبہ سندھ کے دیگر ڈویژنل و ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں بھی اپنے سوئیٹ ہوم (یتیم خانہ) قائم کریں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے اس اعلیٰ مقصد کے لئے سندھ حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ انہوں نے یہ باتیں منگل کو ہمدرد یونیورسٹی کراچی ویسٹ کے نزدیک پاکستان سوئیٹ ہوم (یتیم خانے) کی انتظامیہ کی جانب سے منعقد کی گئی ایک سادہ اور پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی ڈاکٹر قیوم سومرو پاکستان سوئیٹ ہوم کے سرپرست اعلیٰ ذمرد خان کے ساتھ سوئیٹ ہوم کراچی میں آمد کے بعد سوئیٹ ہوم کا دورہ کیا اور مختلف حصے دیکھے انتظامیہ سے معلومات لی جس کے بعد تقریب میں شرکت کی ۔

تقریب سے خطاب اور سوئیٹ ہوم (یتیم خانے) کے دورے کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ نہایت ہی افسوس کی بات ہے کہ حالیہ اور ماضی میں دہشت گرد عناصر نے یتیموں اور غریب بچوں کو اپنی دہشت گرد سرگرمیوں کے لئے بطور ایندھن کے استعمال کیا مگر اب سندھ حکومت نے دہشت گردوں کے خلاف جاری اپنی مربوط کاروائیوں کے ذریعے نہ صرف ان مذموم عناصر کی سرگرمیوں پر کڑی نگاہ رکھے ہوئے ہیں لیکن ان عناصر کی بیخ کنی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں انہوں نے کہا کہ یتیم بچوں کو سہارا دینے کے لئے سندھ حکومت اپنی سماجی بھلائی کی سرگرمیوں کو تیز سے تیز کرنے کی کوشش کر رہی ہے اس کے علاوہ یتمیوں اور بے سہارا بچوں کو نجی شعبہ کے ساتھ ملکر چھت ، بہتر تعلیم و تربیت فراہم کی جارہی ہے تاکہ وہ کارآمد شہری بن کر ملک و قوم کی ترقی میں اپنا فعال کردار ادا کرسکیں ۔

وزیراعلیٰ سندھ نے پاکستان سوئیٹ ہوم کے سرپرست اعلیٰ ذمرد خان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ذمرد خان نے کافی عرصے سے بند اس منصوبے کو فعال بنا کر حقیقت میں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے خواب کو پورا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے تجویز کیا تھا اور اسے سعودی عرب کی اسلام ریلیف آرگنائزیشن کے تعاون اور مدد سے اپنے پہلے دور حکومت 1988-89میں مکمل کیا تھا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے صوبہ کے دیگر علاقوں میں بھی ایسے اداروں کے قیام پر زور دیا انہوں نے نجی فلاحی اداروں کو آگے آنے کی دعوت دی اور انہوں نے اس حوالے سے سندھ حکومت کی جانب سے ہر ممکن تحفظ ، مالی اور اکیڈمک سپورٹ کی فراہمی کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اس کے معاشرے پر مثبت نتائج مرتب ہونگے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے پی ایس ایچ کے لئے 20ملین روپے کی مالی امداد کا اعلان کرتے ہوئے انتظامیہ سے کہا کہ وہ سوئیٹ ہومز میں موجود 3000یتمیوں کی پوری گنجائش کو استعمال کرتے ہوئے یتمیوں کو معیاری تعلیم اور تربیت کویقینی بنائیں تاکہ یہ صوبہ سندھ کے لئے کار آمد شہری بن کر اپنا کردار ادا کرسکیں۔

قبل ازیں پاکستان سوئیٹ ہوم (پی ایس ایچ) کے پیٹرن چیف ذمرد خان نے کہا کہ ان کی تنظیم کا پاکستان کے تمام صوبوں بشمول گلگت بلتستان اور شمالی علاقہ جات میں نیٹ ورک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کے پاکستان سوئیٹ ہومز میں 3500یتیم بچوں کو چھت ، تعلیم اور تربیت کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا یہ عزم ہے کہ ملک میں کوئی بھی یتیم بے سہارا نہ رہے اور نہ ہی دہشت گردوں کا آلہ کار بنے ۔

انہوں نے کہا کہ سوئیٹ ہوم کراچی میں کم از کم 3000بچوں کی گنجائش موجودہے اور اس کے تین رہائشی بلاکس ہیں اور ان میں کچن کی سہولت کے ساتھ ساتھ تین اسکول بھی ہیں جہاں پر لائبریری کی سہولت بھی علیحدہ سے میسر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی خواہش پر 1988-89میں سعودی عرب کے اسلام ریلیف تنظیم نے مکمل کیا تھا مگر چند سالوں کے بعد چند ناگزیر وجوہات کے باعث بند کرادیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اب یہ منصوبہ ان کے ادارے کے حوالے کیا گیا ہے اور انہوں نے اسے فعال بناتے ہوئے پہلے مرحلے میں 100یتیموں کو تمام تر سہولیات بشمول رہائش کھاد ، خوراک ، تعلیم و تربیت بغیر کسی معاوضے کے فراہم کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس پہلے مرحلہ کو اقراء یونیورسٹی نے اپنے گود لیا ہے جنہوں نے بچوں کی تعداد میں ایک ہزار تک اضافے کی منصوبہ بندی کی ہے ۔ پاکستان سوئیٹ ہوم کے پیٹرن ان چیف ذمرد خان نے کہا کہ وہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے جذبہ سے بہت زیادہ متاثر ہوئے تھے اور کہا کہ محترمہ شہید ہمیشہ غریبوں ، یتمیوں اور بیواؤں کی فلاح و بہبود کے لئے کوشاں رہتی تھیں اور آخری دم تک وہ اس جذبے کے ساتھ کام کرتی رہیں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں