الخدمت فاوٴنڈیشن صحت مند معاشرہ کی تشکیل کیلئے جدوجہد کررہی ہے‘ عبدالشکور

2014 میں صحت کے شعبے پر 99 کروڑ 85 لاکھ خرچ کیے‘ 74 لاکھ مریضوں نے استفادہ کیا‘ ‘شعور وآگہی کیلئے کام کر رہے ہیں ، صدر الخدمت

منگل 7 اپریل 2015 21:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء) الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر عبدالشکور نے کہا ہے کہ حفظان صحت کے اصول اپنا کر روز مرہ کے اور پیچیدہ امراض سے بچا جا سکتا ہے۔ پاکستان سمیت تیسری دنیا میں صحت عامہ کی صورت حال تشویش کا باعث ہے۔ یہ بات انہوں نے عالمی یوم صحت کے موقع پر منگل کو اپنے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ صحت سے متعلق شعور و آگہی کی کمی کے باعث لوگ امراض کا شکار ہوجاتے ہیں اس کے لیے ضروری ہے کہ لوگوں کو صحت کے حوالے سے شعور و آگہی فراہم کی جائے۔

الخدمت فاؤنڈیشن اس سلسلے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے جب کہ ملک بھر میں لوگوں کو صحت کی سہولتیں پہنچائی جا رہی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت ملک بھر میں 19 اسپتال‘ 152 کلینکس‘ 16 میٹرنٹی ہوم‘ 90 ڈائیگنوسٹک سینٹرز‘ 10 بلڈ بینکس اور 265 ایمبولینس کام کر رہی ہیں جب کہ تھرپارکر اور کراچی میں مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ کیئر اسپتال (MCHC) پرتعمیراتی کام تیزی سے جاری ہیں جہاں ماں اور بچے کی صحت کے لیے جدید سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس الخدمت نے تھرپارکر‘ شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز‘ سیلاب متاثرین سمیت ملک بھر کے دور دراز علاقوں میں 541 میڈیکل کیمپ لگائے‘ 2014 میں شعبہ صحت پر 99کروڑ 85 لاکھ روپے خرچ کیے جس سے مجموعی طور پر 74 لاکھ مریضوں نے استفادہ کیا۔ عبدالشکور نے کہا کہ صحت مند معاشرہ کی تشکیل کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ اپنے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں اور حفظان صحت کے اصولوں کو اپنائیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے سے وابستہ افراد کی ذمہ داری ہے کہ وہ لوگوں کو صحت سے متعلق آگہی فراہم کریں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں