یمن سے آخری پاکستانی کی واپسی تک کوشش جاری رکھیں گے،مسلسل رہنمائی پر حکومت کے شکر گزار ہیں، المکلا سے پاک بحریہ کا جہاز146 پاکستانیوں اور 36 غیر ملکیو ں کولے کر کراچی پہنچا،یمن میں کوئی بھی پاکستانی جاں بحق یا زخمی نہیں ہوا،1019 شہریوں کو وطن واپس لایا جاچکاہے، پی این ایس ”اصلت “ کے مشن کمانڈر کموڈور زاہد الیاس اور پاکستانی سفیر ڈاکٹر عرفان شامی کی میڈیا بریفنگ

منگل 7 اپریل 2015 19:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء ) یمن میں محصور پاکستانیوں کو وطن واپس لانے والے پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ”اصلت “ کے مشن کمانڈر کموڈور زاہد الیاس نے کہا ہے کہ المکلا سے پاک بحریہ نے 146 پاکستانیوں اور 36 غیر ملکیو ں کووطن واپس پہنچا دیا ہے ،آخری پاکستانی کی واپسی تک کوشش جاری رکھیں گے جبکہ یمن میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر عرفان شامی کا کہنا ہے کہ،یمن میں کوئی بھی پاکستانی جاں بحق یا زخمی نہیں ہوا،1019 شہریوں کو وطن واپس لایا جاچکاہے ۔

منگل کو پاک بحریہ کا پی این ایس ”اصلت “یمن میں محصور 182 شہریوں کو لے کر کراچی کی بندرگاہ پر پہنچا ۔اس موقع پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے پی این ایس ”اصلت “ کے مشن کمانڈر کموڈور زاہد الیاس نے کہا کہ المکلا سے پاک بحریہ کا جہاز 146 پاکستانی اور 36 غیر ملکیو ں کو لے کر کراچی پہنچا ہے جس میں 11خواتین اور 7بچے شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

غیر ملکیوں کا تعلق بھارت،چین ،کینیڈا،اردن ،شام،فلپائن،انڈونیشیاء ،یو اے ای اور فلپائن سے ہے ۔

انھوں نے کہاکہ یمن میں موجود آخری پاکستانی کی واپس تک کوشش جار ی رہیں گی ،مسلسل رہنمائی پر حکومت کے شکر گزار ہیں۔انھوں نے کہاکہ ہم اس دھرتی کے محافظ ہیں ہم نے پاکستانیوں کو واپس لانے کیلئے مکمل تیاری کررکھی تھی ۔زاہد الیاس نے کہاکہ گیارہ بھارتیوں شہریوں نے یمن میں پاکستانی جہاز کے بارے میں سن کرکر پہلے ہچکچاہٹ کااظہار کیا لیکن بعد میں ہمارے ساتھ آنے کو تیار ہوگئے ،غیر ملکیوں کا بھرپور خیال رکھا گیا ۔

اس موقع پر یمن میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر عرفان شامی نے کہا کہ یمن میں کوئی بھی پاکستانی جاں بحق یا زخمی نہیں ہوا،1019 شہریوں کو وطن واپس لایا جاچکاہے ۔انھوں نے کہاکہ اللہ کے کرم سے پاکستانیوں کو بحفاظت نکالنے میں کامیاب ہوئے ۔پاکستان پہلاملک ہے جس نے 16 گھنٹے میں آپریشن شرو ع کردیا تھا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں