یمن میں محصور پاکستانیوں کو لے کر پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس’ْ’ اصلت “ کراچی بندرگاہ پر پہنچ گیا

منگل 7 اپریل 2015 15:33

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء) یمن میں محصور پاکستانیوں کو لے کر پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس’ْ’ اصلت “ کراچی کی بندرگاہ پر پہنچ گیا جہاں مسافروں کے اہل خانہ ‘ پاک بحریہ کے افسران اور غیر ملکی سفارتکاروں نے ان کا استقبال کیا۔ منگل کو پاک بحریہ کا پی این ایس اصلت یمن کے شہر المکلہ سے 182 شہریوں کو لے کر پاکستان پہنچ گیا جس میں 146پاکستانی شہری اور 36 غیر ملکی شامل ہیں۔

مسافروں کے اہل خانہ کی بڑی تعداد بندرگاہ پر موجود تھی اس کے علاوہ پاک بحریہ کے ریئرایڈمرل مختار خان جدون ‘ چین‘ برطانیہ ‘ انڈونیشیا اور دیگر ممالک کا سفارتی عملہ بھی موجود تھا۔ پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس اصلت جونہی ملکی سمندری حدود میں داخل ہوا ہیلی کاپٹروں کے ذریعے بندرگاہ کی فضائی نگرانی کی جاتی رہی۔

(جاری ہے)

جہاز پر موجود مسافر کراچی پہنچنے پر پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے اور پاکستانی پرچم لہرا کر وطن سے محبت کا اظہار کرتے رہے۔

مسافروں نے وطن واپس پہنچنے پر حکومت کا شکریہ ادا کیا اور پاک بحریہ زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔ پی این ایس اصلت کو کیپٹن جمال عالم چلا رہے تھے ان کے ہمراہ پاک بحریہ کے مشن کمانڈر سہیل الیاس بھی موجود تھے۔ پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق یمن سے آنے والے پاک بحریہ کے جہاز میں 182 افراد سوار تھے جس میں 146پاکستانی ہیں۔ دیگر مسافروں میں چین‘ برطانیہ‘ انڈونیشیا‘ مصر‘ بھارت ‘ اردن اور دیگر ممالک کے شہری شامل ہیں۔ کراچی بندرگاہ پر ایف آئی اے کا امیگریشن کاؤنٹر قائم کردیا گیا۔ غیر ملکی مسافروں کو ان کے قونصل خانوں سے رابطوں کے بعد اپنے ممالک روانہ کیا جائے گا۔ (ن غ)

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں