تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کے استعفے کا نوٹی فکیشن جاری نہیں ہوا ،ابھی تک سندھ اسمبلی کے ارکان ہیں ،ڈپٹی اسپیکر سیدہ شہلا رضا

پیر 6 اپریل 2015 20:36

تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کے استعفے کا نوٹی فکیشن جاری نہیں ہوا ،ابھی تک سندھ اسمبلی کے ارکان ہیں ،ڈپٹی اسپیکر سیدہ شہلا رضا

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء) پیر کو سندھ اسمبلی کے اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر سیدہ شہلا رضا نے یہ رولنگ دی کہ پاکستان تحریک انصاف کے ارکان سندھ اسمبلی کے استعفے کا کوئی نوٹی فکیشن جاری نہیں ہوا لہذا وہ ابھی تک سندھ اسمبلی کے ارکان ہیں ۔واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے اسمبلی کے اجلاس میں اعلان کیا تھا کہ انہوں نے تحریک انصاف کے چار ارکان کے استعفے منظور کرلیے ہیں اور ان کی نشستیں خالی ہوچکی ہیں ۔

انہوں نے یہ رولنگ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رکن محمد حسین کے نکتہ اعتراض پر دی ۔تحریک انصاف کے دو ارکان خرم شیر زمان اور ڈاکٹر سیما ضیاء نے طویل عرصے کے بعد اجلاس میں شرکت کی ۔محمد حسین نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ارکان سندھ اسمبلی نے گزشتہ دنوں استعفیٰ دے دیا تھا اسپیکر سندھ اسمبلی نے بھی ان کے استعفوں کی منظوری کا اعلان کردیا تھا ۔

(جاری ہے)

شہلا رضا نے کہا کہ آپ کو پتہ ہونا چاہیے کہ ابھی تک استعفے کا نوٹی فکیشن جاری نہیں ہوا ہے ۔محمد حسین اس معاملے پر بات کرنا چاہتے تھے لیکن انہیں پورے اجلاس کے دوران بات نہیں کرنے دی گئی ۔وہ اس وقت احتجاج کرتے رہے جب تک اپوزیشن کے ارکان اجلاس سے واک آوٴٹ کرکے نہیں چلے گئے ۔اس دوران محمد حسین اور ڈپٹی اسپیکر کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی ۔

محمد حسین خان نے سیدہ شہلا رضا سے کہا کہ وہ قواعد کے مطابق ایوان کو نہیں چلارہی ہیں ۔شہلا رضانے غصے سے کہا کہ آپ کو پتہ ہی نہیں ہے کہ اسپیکر سے بات کیسے کی جاتی ہے ۔آپ باہر جاکر لوگوں کو ٹیوشن پڑھائیں ۔سارے جہاں کے علامہ آپ ہیں ۔محمد حسین کے مسلسل احتجاج پر ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ آپ نے ایوان کا وقت ضائع کیا ہے میں کسی کی خواہش کے مطابق ایوان کو نہیں چلاسکتی ۔ڈپٹی اسپیکر کے اجلاس سے چلے جانے کے بعد اسپیکر جب ایوان میں آئے تو انہوں نے محمد حسین سے کہا کہ آپ میرے دوست ہیں ۔آپ میرے چیمبر میں آجائیں ۔تحریک انصاف کے ارکان کے استعفے کے مسئلے کو حل کرلیں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں