قومی اسمبلی حلقہ این اے 246 کا میچ فکس ہے، الطاف شکور

تحریک انصاف کی اصولی سیاست کہاں گئی؟،ایم کیوایم کو دودھ پلانے والے پی ٹی آئی کو لسی پلارہے ہیں،صدر پاسبان

پیر 6 اپریل 2015 17:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء) پاسبان پاکستان کے صدر الطاف شکور نے کہا کہ NA-246کا میچ فکس ہے ۔ وہ ضمنی انتخاب NA-246کے نامزد امیدوار اور پاسبان پاکستان کے جنرل سیکریٹری عثمان معظم ، صدر پاسبان کراچی شیخ محمد شکیل و دیگر پاسبان رہنماؤں کے ہمراہ علاقہ مکینوں اور دکاندار وں سے ملاقات کررہے تھے ۔ اس موقع پر الطاف شکور نے کہا کہ ضمنی الیکشن قومی اسمبلی حلقہ NA-246کا میچ فکس ہے ۔

اصولوں کی سیاست کا نعرہ لگانے والی پی ٹی آئی کی اصولی سیاست کہاں گئی کیونکہ یہ صاف نظر آرہا ہے کہ انتخاب محض ایک ڈرامے کے علاوہ کچھ نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا کام صرف اور صرف یہ ہونا چاہئے کہ امن وامان کی صورتحال ٹھیک رہے اور الیکشن کا انعقاد شفاف اور منصفانہ ہونا چاہیئے یہ فیصلہ عوام پر چھوڑ دیا جائے کہ آئندہ کراچی کی قیادت ایم کیو ایم ،پاسبان یا پی ٹی آئی میں سے کون کرے گی۔

(جاری ہے)

کراچی میں مستقل اور دیرپا امن کیلئے ”میڈ ان بنی گالہ “کیپسو ل کام نہیں کرے گا۔ حکومت کا کام ایک کو گرانا اور امن پسند کو تمغے لگانا نہیں ہوتاکیوں کہ جعلی مینڈیٹ کبھی دیرپا نہیں ہوتا کل تک جن قوتوں نے ایم کیو ایم کو ”دودھ “پلایا آج وہ پی ٹی آئی کو ”لسی “پلارہی ہے۔ایک مصیبت سے جان چھڑانے کیلئے کراچی کے عوام کے سروں پر دوسری مصیبت کیوں مسلط کی جارہی ہے عوام تبدیلی ضرور چاہتے ہیں مگر ایسی تبدیلی نہیں جس کا فیصلہ نو بال پر ہو۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف جانتی ہے یہ فیئر پلے نہیں پھر بھی کپتان کیوں راضی ہے اس طرح ملک میں تبدیلی نہیں لائی جاسکتی ۔ الطاف شکور نے مزید کہا کہ لوگ مستقبل میں پاسبان کو دیکھنا چاہتے ہیں مگر خفیہ ہاتھ کچھ اور ہی فیصلہ کرچکے ہیں یہ ایک ایسی روایت ڈالی جارہی ہے جس سے حالات مزید خراب ہوں گے ، دیرپا اور پرامن حل کیلئے پاسبان جیسی جینئس قوتوں کو دیوار سے نہ لگایا جائے اگر PTIکو لانے کا اتنا ہی شوق ہے تو بغیر انتخاب کے اسمبلی میں بٹھادیا جائے ہم کچھ نہیں کہیں گے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں