کاٹن سیزن کے اختتام تک پاکستان میں روئی کی پیداوار ریکارڈ 1 کروڑ 49لاکھ گانٹھ تک پہنچنے کا امکان

اتوار 5 اپریل 2015 15:16

کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار5اپریل ۔2015ء) کاٹن سیزن کے اختتام تک پاکستان میں روئی کی پیداوار ریکارڈ 1 کروڑ 49لاکھ گانٹھ تک پہنچنے کا امکان ہے۔چیئرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق کے مطابق30 اپریل کو سیزن کے اختتام تک روئی کی مزید 60 تا65 ہزار گانٹھوں کی آمد متوقع ہے، اب تک پیداوار 1کروڑ 48 لاکھ 38 ہزار 605 گانٹھ تک پہنچ چکی ہے جو بلندترین سطح ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ کاٹن کراپ اسیسمنٹ کمیٹی (سی سی اے سی) نے کپاس کا پیداواری ہدف 1کروڑ 34 لاکھ 88ہزار 500 گانٹھ مقرر کیا تھا لیکن بہترین موسمی حالات اور تصدیق شدہ بی ٹی کاٹن سیڈ کی مسلسل فراہمی کے باعث رواں سال ملکی تاریخ کی سب سے زیادہ کپاس پیدا ہوئی۔اس سے قبل روئی کی سب سے زیادہ پیداوار کا ریکارڈ 1 کروڑ 48 لاکھ 13 ہزار 789 بیلز کا تھا جو کاٹن ایئر 2011-12 میں بنا، اسی سیزن میں صوبہ پنجاب میں بھی کپاس کی سب سے زیادہ پیداوار 1 کروڑ 21 لاکھ 32 ہزار 80بیلزہوئی تھی جبکہ سندھ میں سب سے زیادہ پیداوار کا ریکارڈ کاٹن ایئر 2009-10 میں بنا جو 42 لاکھ 34 ہزار 785 بیلزہے۔

انہوں نے بتایا کہ جننگ فیکٹریوں میں معیاری روئی کی انتہائی کم دستیابی اور روپے کے مقابل ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافے کے باعث توقع ہے کہ چند روز میں روئی کی قیمتیں مزید بڑھ جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں