کراچی، تحریک انصاف نے انتخابی کیمپ ہٹانے کا ذمہ دار ایم کیو ایم کو قرار دے دیا، متحدہ کی تردید

ہفتہ 4 اپریل 2015 17:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04 اپریل۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف نے این اے 246 میں ضمنی انتخاب کے حوالے سے کریم آباد میں قائم انتخابی کیمپ ہٹانے کا ذمہ دار ایم کیوایم کو قرار دیا ہے جب کہ متحدہ نے کیمپ ہٹانے کی سختی سے تردید کی ہے۔تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے کراچی کے علاقے کریم آباد میں قائم پاکستان تحریک انصاف کا انتخابی کیمپ ختم کر دیا گیا۔

کچھ افراد انتخابی آفس کا سارا گاڑی میں ڈال کر چلے گئے۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ ٹینٹ سروس والے کو ہم نے انتخابی کیمپ ہٹانے کا نہیں کہا بلکہ یہ کام ایم کیو ایم کا ہے، ٹینٹ سروس والے ہم سے کہہ رہے ہیں کہ ہمارا سامان واپس دلوایا جائے، ہم دوبارہ اسی جگہ اپنا کیمپ قائم کریں گے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ایم کیو ایم کے رہنما کنورنوید نے عمران اسماعیل کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی مکمل تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابی کیمپ ہم نے نہیں ہٹوایا، گزشتہ روز جب مشتعل افراد نے تحریک انصاف کے کیمپ پر دھاوا بولا تو ہم نے خود کیمپ لگوایا، اگر تحریک انصاف والے کہیں تو دوبارہ سے ان کا کیمپ قائم کردیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کریم آباد میں واقع تحریک انصاف کے انتخابی کیمپ پر مشتعل مظاہرین نے توڑ پھوڑ کی تھی جس کے بعد حالات کشیدہ ہونے پر پولیس نے 7 افراد کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کر لیا جس کے خلاف ایم کیو ایم کے رہنماں کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں