NA-246:جماعت اسلامی کے امیدوار راشد نسیم نے مرکزی الیکشن آفس کا افتتاح کردیا

ہم اس شہر کی ماند پڑتی روشنیوں کو بحال کریں گے اور شہر کو ایک بار پھر امن کا گہوارہ بنائیں گے، راشد نسیم عوام نے اگر جماعت اسلامی کا ساتھ دیا تو جماعت اسلامی شہر کا کھویا ہوا مقام بحال کرے گی،اسداللہ بھٹو

جمعہ 3 اپریل 2015 22:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء) جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر اوراین اے 246 کے ضمنی انتخاب میں جماعت اسلامی کے امیدوار راشد نسیم نے گلبرگ فیڈرل بی ایریا میں مرکزی انتخابی دفتر کا افتتاح کر دیا۔افتتاحی تقریب میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں،کارکنوں اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔قبل ازیں انتخابی دفتر کی افتتاحی تقریب سے راشد نسیم،جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیراسد اللہ بھٹو،کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن اور دیگر نے خطاب کیا۔

راشد نسیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج این اے 246 کو وڈیروں جاگیرداروں اور سرمایہ داروں نے چراگاہ بنا دیا ہے۔ یہی وہ حلقہ ہے جس سے پروفیسر غفور اور مظفر ہا شمی جیسے لوگ منتخب ہوتے رہے ہیں جنہوں نے شہر کو روشنیوں کی راہ پر گامزن کیا تھا اور اس حلقے کو ایک پہچان دی مگر المیہ یہ ہے کہ اس حلقے کو اس کے حقیقی نمائندوں سے محروم رکھا گیا اور اس کے نمائندوں کو مظلوم بنا دیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جو لوگ کراچی میں پچھلے چھبیس ستائیس سالوں سے مسلط ہیں انہوں نے عوام کے مسائل حل نہیں کیے عوام کے مینڈیٹ پر قبضہ کر کے انتخابی عمل کے تقدس کو پامال کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس شہر کی ماند پڑتی روشنیوں کو بحال کریں گے اور شہر کو ایک بار پھر امن کا گہوارہ بنائیں گے، پرامن کراچی ہی خوشحال پاکستان کی ضمانت بنے گا۔

اسداللہ بھٹو نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ ہم نے ہمیشہ۰عوام کی خدمت کی ہے اور خدمت کے ذریعے ہی عوام کے دلوں پر حکومت کی ہے۔عوام نے اگر جماعت اسلامی کا ساتھ دیا تو جماعت اسلامی شہر کا کھویا ہوا مقام بحال کرے گی۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ شہر کراچی علم تہذیب و تمدن کا شہر تھا مگر آج دہشت گردی قتل و غارت اور بھتہ خوری اس شہر کی پہچان بنا دی گئی ہے۔

این اے 246 سے شہر میں تبدیلی کا آغاز ہونے والا ہے، جماعت اسلامی ہی شہر کو دہشت گردوں سے نجات دلا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں نعمت اللہ ایڈووکیت اور عبدالستار افغانی جیسے درویش صفت قیادت کی ضرورت ہے جو شہر کو ایک بار پھر تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ 12 اپریل کو این اے 246 میں تاریخی جلسہ کیا جائے گا جو کراچی میں تبدیلی کا نکتہ آغاز ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں این اے 246 میں جلسہ کرنے کیلئے کسی کے اجازت کی ضرورت نہیں، ہم جب اور جہاں چاہیں گے جلسہ کر یں گے۔عوام راشد نسیم کو ووٹ دیکر پرامن کراچی اور خوشحال پاکستان کی بنیاد ڈالیں۔ْ

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں