ثانوی اعلیٰ ثانوی امتحانات کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے تعلیمی بورڈز کے سربراہان کا اعلیٰ سطحی اجلاس

جمعہ 3 اپریل 2015 22:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء) وزیراعلیٰ سندھ کے سیکریٹری برائے جامعات و تعلیمی بورڈ سید ممتاز علی شاہ نے صوبے بھر کے تمام بورڈس کے سربراہاں کو ثانوی و اعلیٰ ثانوی امتحانات جوکہ رواں ماہ باالترتیب 7اور 28اپریل سے شروع ہو رہے ہیں کے صاف اور شفاف انعقاد کیلئے موثر اقدامات کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔انہوں نے امتحانات کے دوران نقل اور کاپی کلچر کے دیگر ذرائع کے خاتمے کیلئے نگراں ٹیمیں بھی تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے، انہوں نے امتحانات کے پرامن اور خوشگوار ماحول میں منعقد کرنے کیلئے ضلعی انتظامیا پولیس اور رینجرز کے تعاون سے فول پروف انتظامات کرنے کی بھی ہدایت کی ہے،سیکریٹری بورڈز نے حساس امتحانی مراکز کی نشاندہی کرنے اور ان پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مزید اہلکار تعینات کرنے کی بھی ہدایت کی ہے تاکہ امتحان دینے والے امیدوار بلاکسی خوف و خطر پرامن اور خوشگوار ماحول میں امتحانات دے سکیں۔

(جاری ہے)

یہ احکامات انہوں نے جمعہ کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں سندھ کے کوآرڈینیٹر برائے تعلیمی بورڈ انجنیئر نذیر احمد چاکرانی کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران دیئے۔ اجلاس میں ثانوی تعلیمی بورڈ حیدرآباد اور لاڑکانہ کے چیئرمین داؤد میمن،کراچی اور میرپورخاص تعلیمی بورڈ کے چیئرمین فصیح الدین ،چیئرمین اعلیٰ ثانوی بورڈ کراچی انوار احمد زئی،چیئرمین سکھر تعلیمی بورڈ غلام مجتبیٰ شاہ،وزیراعلیٰ ہاؤس کے دیگر افسران بشمول محمد فاروق بگٹی نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

صوبے بھر کے تمام تعلیمی بورڈس کے سربراہان نے اجلاس میں رواں ماہ سے شروع ہونے والے ثانوی و اعلیٰ ثانوی امتحانات کی تیاریوں اور انتظامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری بورڈس سید ممتاز علی شاہ نے تمام تعلیمی بورڈ ز کے چیئرمینز پرزور دیا کہ وہ کاپی کلچر کے خاتمے اور امتحانات کے نتائج کااعلان مناسب وقت پر کریں تاکہ طلبہ و طالبات کو کسی بھی قسم کی مشکلات درپیش نہ ہوں۔

انہوں نے تمام فریقیں پر زور دیا کہ وہ امتحانات کے دوران نقل کے خاتمے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ سالانہ امتحانات صاف اور شفاف طریقے سے منعقد کئے جائیں تاکہ کوئی بھی مستحق امیدوار اپنے حق سے محروم نہ رہے،انہوں نے امتحانات کے دوران طلبہ کی ذہانت کا صحیح طریقے سے جائزہ لینے کیلئے امتحانات اور اسکولنگ کے مرحلے کو مزید موثر بنانے پر بھی زور دیا۔

سیکریٹری تعلیمی بورڈس نے صوبے بھر کے تمام امتحانی مراکز کی مانیٹرنگ اور اچانک دوروں کیلئے وزیراعلیٰ سندھ کے کوآرڈینیٹرانجنیئر نذیر احمد چاکرانی کی سربراہی میں ایک وجیلنس ٹیم بھی تشکیل دی ہے، جس میں وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ کے محمد فاروق بگٹی اور دیگر افسران بطور میمبر کام کریں گے۔تشکیل کردہ ٹیم صوبے بھر کے تمام امتحانی مراکز کا دورہ کرے گی، جس کا آغاز لاڑکانہ ڈویزن سے 7اپریل کو کیا جائے گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں