تحریری مقابلوں کے ذریعہ طالب علموں کا قلم سے رشتہ مضبوط ہوتا ہے ،پروفیسر اختر بلوچ

جمعرات 2 اپریل 2015 22:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ء)بے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری کے وائس چانسلر پروفیسر اختر بلوچ نے کہا ہے کہ لیاری یونیورسٹی میں زیر تعلیم طالب علم صلاحیتوں کے اعتبار سے کسی دوسری یونیورسٹی کے طالب علموں سے کم نہیں اور انہیں جب جب موقع ملا ہے انہوں نے یہ بات ثابت کرکے دکھائی ہے ۔وہ جمعرات کویونیورسٹی کے شعبہ انگریزی کے زیر اہتمام تخلیقی تحریر کے مقابلہ کے موقع پر تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کررہے تھے، انہوں نے کہا کہ ہم نصابی سرگرمیاں طالب علموں کی صلاحیتوں کو مزید اجاگر کرنے میں نہایت اہم کردار ادا کرتی ہیں ان سے نہ صرف انہیں اپنی تعلیم میں مدد ملتی ہے بلکہ وہ ان کے ذریعہ معاشرے کے کارآمد شہری بھی بنتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ لیاری یونیورسٹی کے طالب علم تعلیم کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی نمایاں طریقہ سے حصہ لیتے ہیں جو کہ نہایت خوش آئند بات ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحریری سرگرمیوں کے ذریعہ طالب علموں کا قلم سے رشتہ اور مضبوط ہوتا ہے اور وہ اس کی اہمیت سے اور زیادہ واقف ہوتے ہیں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ طالب علم اسی طرح اپنی صلاحیتوں کا مستقبل میں بھی اظہار کرتے رہیں گے ۔ تحریری مقابلہ میں حرا نے پہلی ‘ عمیر نے دوسری اور ارسہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں