ملازمین کی تنخواہوں کا مسئلہ فی الفور حل کیا جائے اور اسٹیل مل کی ترقی کے لئیے کرپشن کا خاتمہ ممکن بنایا جائے

جماعت اسلامی کے جنرل سیکرٹری لیاقت بلوچ سے پاکستان اسٹیل لیبر یونین پاسلو کے وفد نے یونین کے صدر حاجی خان لاشاری کی قیادت میں ادارہ نور حق میں ملاقات

جمعرات 2 اپریل 2015 22:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ء) جماعت اسلامی پاکستان کے جنرل سیکریٹری لیاقت بلوچ سے پاکستان اسٹیل لیبر یونین پاسلو کے وفد نے یونین کے صدر حاجی خان لاشاری کی قیادت میں ادارہ نور حق میں ملاقات کی اور ادارے کے ملازمین کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا،وفد میں جنرل سیکریٹری ظفر خان ودیگر بھی عہدیداران شامل تھے،اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم ،امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن،نائب امیر برجیس احمد،سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اور این ایل ایف کراچی کے صدر خالد خان بھی موجود تھے،پاسلو نے لیاقت بلوچ کو بتایا کہ اسٹیل مل قومی اثاثہ ہے لیکن انتظامیہ کی نااہلی اور عدم دلچسپی نے ادارے کو تباہی کے دہانے کھڑا کردیا ہے ،ملازمین تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف احتجاج کررہے ہیں،لیکن تاحال طفل تسلیوں کے سوا عملی اقدامات نظر نہیں آرہے جب کہ دوسرے طرف مسائل حل کرنے کے بجائے ملازمین کے خلاف ایف آئی آر کرائی گئی اور کئی ملازمین کوشوکاز نوٹس جاری کردئیے گئے ہیں ،وفد سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاکستان اسٹیل ملک کا قومی ادارہ ہے اس کی بربادی اور تیزی سے تزلی ایک المیہ سے کم نہیں پاکستان اسٹیل کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر حکومت اسٹیل مل کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کرنے کے لئیے فوری اقدامات کرے،انہوں نے کہا کہ اسٹیل مل کے ملازمین تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف کئی ماہ سے سراپا احتجاج ہیں،جبکہ ستم مالائے یہ ہے کہ ملازمین کے مسائل کو حل کرنے کے بجائے انتظامیہ نے13 افراد کے خلاف ایف آئی آر اور 21افراد کو شوکاز نوٹس جاری کر کے انتہائی زیادتی کا ثبوت دیا ہے،جس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے،انتظامیہ اپنی نااہلی کو چھپانے کے لئیے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر کے ملازمین کے زخموں پر نمک پاشی کررہی ہے،انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملازمین کی تنخواہوں کا مسئلہ فی الفور حل کیا جائے اور اسٹیل مل کی ترقی کے لئیے کرپشن کا خاتمہ ممکن بنایا جائے،2008 تا2014 کے درمیان ہونے والی اس بدترین کرپشن کے خلاف سپریم کورٹ کے احکامات اور سیاسی وسماجی حلقوں کے مطالبے پر کی جانے والی تحقیقات ،انکوائری اور اس کے نتیجے میں ایف آئی ااے کی جانب سے درج کی جانے والی ایف آئی آر وغیرہ کے امور پر پیش رفت کر کے ادارے میں کرپشن کرنے والوں کو عہدوں سے ہٹاکر ان کے خلاف کارروائی کی جائے،بدترین بحران سے نکالنے اور خسارے پر قابوپانے کے لئیے مل کو بیل آوٴٹ پیکج دیا جائے تاکہ اپنی بیساکھیوں کو پھینک کر خوود انحصار کی طرف گامزن ہوسکے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں