وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ،ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کی مذمت

جمعرات 2 اپریل 2015 21:08

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ فی الفور واپس لیاجائے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ملک بھر کے عوام پہلے ہی مہنگائی ، بیروزگاری کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں جبکہ عوام کی زندگیاں پانی ، بجلی اور گیس کی قلت کے باعث اجیرن بن چکی ہیں ایسی صورتحال میں وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کرنا سراسر عوام دشمن اقدام ہے ۔

رابطہ کمیٹی نے کہاکہ پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا براہِ راست اثر غریب عوام پر پڑے گا اور ٹرانسپورٹ کرایوں سمیت روز مرہ استعمال کی اشیاء بھی مہنگی ہوجائیں گی جس سے ملک بھر کے عوام کے معمولات زندگی بھی بری طرح سے متاثر ہوں گے۔

(جاری ہے)

رابطہ کمیٹی کہا کہ ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ حکومت پٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمتیں بڑھانے کے بجائے ان میں کمی کرتی اور عوام کو بنیادی مسائل سے چھٹکارا دلاتی ، حکومت اور وزراء کی مراعات اور دیگر غیر ضروری اخراجات میں کمی کرتی لیکن ماضی کی طرح ایک مرتبہ پھر وفاقی حکومت نے پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتیں بڑھانے کا فیصلہ کرکے ملک بھر کے عوام کو مایوسی کا شکار کردیا ہے ۔

رابطہ کمیٹی وزیراعظم نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیاجائے اور ملک بھر کے عوام کو اس ضمن میں ریلیف کی فراہمی کیلئے فی الفور اقدامات کئے جائیں ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں