میٹرک کے امتحانات کے موقع پر بجلی کی لوڈشیڈنگ پر پابندی عائد کی جائے: عثمان معظم

جمعرات 2 اپریل 2015 19:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ء) ضمنی انتخابات NA-246میں پاسبان کے حتمی امیدواربرائے قومی اسمبلی عثمان معظم نے کہا کہ وہ اپنے انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز بروز ہفتہ مورخہ 4اپریل کو رات 8بجے نکالی جانے والی ریلی سے کریں گے ۔ NA-246کے عوام پاسبان ریلی میں بھر پور شرکت کریں ۔ وہ گذشتہ روز انتخابی مہم کے سلسلے میں اپنی رہائش گاہ پر منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

عثمان معظم نے کہا کہ پاسبان کے منشور کا پہلا نقطہ تعلیم کا فروغ ہے اور پاسبان حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ نویں اور دسویں کے امتحانات کو مدنظر رکھتے ہوئے کراچی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ پر پابندی عائد کرے تاکہ امتحانات کی تیاریوں میں مصروف ساڑھے 3لاکھ طلبہ و طالبات کے امتحانات کی تیاریاں اور تعلیم متاثر نہ ہوسکے ، انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم چلانا تمام جماعتوں،ان کے امیدواراور ورکرز کا جمہور ی حق ہے اور انتخابی مہم کے سلسلے میں پرامن اور پر فضا ماحول کی فراہمی حکومت اور الیکشن کمیشن کی اولین ذمہ داری ہے ، شفاف انتخابات کے لئے بھی ضروری اور لازمی ہے کہ عوام کو بے خوف ماحول فراہم کیا جائے ، انہوں نے کہا کہ گزشتہ 67سال سے عوام کے ووٹوں سے اسمبلیوں میں پہنچنے والے عوامی نمائندے عوام کو مسائل کے انبار سے نکالنے کے بجائے لڑاؤ اورکماؤ کی پالیسی اپناتے آ رہے ہیں پاسبان ہی واحدسیاسی جماعت ہے جو عوام کو مسائل کے انبار سے نکال سکتی ہے ،انہوں نے کہا کہ پاسبان کا ماضی اس بات کا گواہ ہے کہ بغیر کسی لالچ اور مفاد کے ایوان سے باہر رہ کر بھی پاسبان نے مظلوموں کی بے پناہ مدد کی ہے ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں