کراچی کے ضمنی انتخاب کو کشیدگی سے بچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے،علی اکبر گجر

جمعرات 2 اپریل 2015 17:02

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ء) کراچی کے ضمنی انتخاب کو کشیدگی سے بچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے لیکن سندھ حکومت کا کردار سب سے اہم ہوگا․ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کی قیادت اس بات کی توقع رکھتی ہے کہ کراچی کے ضمنی انتخابات صوبے کے عوام کے لئے مزید مسائل کا سبب بننے کی بجائے سندھ میں پر امن اور مثبت سیاسی سرگرمیوں کے فروغ کا آغاز ثابت ہونگے․حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور متحدہ قومی موومنٹ سمیت ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والی دیگر تمام جماعتیں سیاسی ہار جیت کے ساتھ ساتھ پاکستان کے سب سے بڑے شہر کی تجارتی و کاروباری حیثیت کو بھی مد نظر رکھیں․کراچی کا امن ضمنی انتخاب میں حصہ لینے والی تمام جماعتوں کے مفاد میں ہے․ سندھ حکومت شہر قائد میں ہونے والے ضمنی انتخابات کو پر امن بنانے کی طرف بھرپور توجہ دے․ ایک حلقے کے ضمنی انتخابات کے موقع پر امن و امان کی مخدوش صورتحال کا سبب بننے والے عوامل کا سد باب صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے․پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کراچی میں بڑھتی ہوئی سیاسی کشیدگی پر اپنی جماعت کے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات کو کراچی کے امن کے لئے خطرہ نہیں بننا چاہےئے․ کراچی کے ضلع وسطی میں بڑھتی ہوئی سیاسی کشیدگی سندھ کے دارلخلافہ کے ساتھ ساتھ پورے ملک کے امن و امان کو تہہ و بالا کر سکتی ہے جس کا سب سے زیادہ نقصان جمہوریت اور جمہوریت کے لئے جد و جہد کرنے والے سیاسی عناصر کو ہوگا․کراچی کے حلقےNA-246 کے ضمنی انتخاب میں سیاسی کشیدگی جس تیزی سے بڑھ رہی ہے اس سے آنے والے دنوں میں شہر قائد کے امن و امان کی صورتحال مزید مخدوش ہونے کا خطرہ ہے لیکن پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کی قیادت اور کارکنان کراچی کے حلقے NA-246 کے ضمنی انتخاب میں حصہ لینے والی تمام سیاسی جماعتوں سے یہ توقع رکھتے ہیں کہ اس کشیدگی کو مزید بڑھنے سے روکا جائے گا ․ سیاسی سرگرمیاں جمہوری عمل اور جمہوریت کے استحکام کی اصل روح ہوتی ہیں جن کا جاری رہنا سیاسی جماعتوں کے لئے ناگزیر ہے لیکن سیاسی سرگرمیوں میں تشدد اور لاقانونیت کا عنصر شامل ہوجائے تو اس سے جمہوریت کے خطرات پیدا ہو سکتے ہیں․ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے مسلم لیگ(ن) کے دفتر میں ملیر اور فیصل کنٹونمنٹ بورڈ کے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے پارٹی امیدواروں کے ساتھ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ کراچی کے قومی اسمبلی کے حلقے اور کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی انتخابات اپریل ہی میں منعقد ہو رہے ہیں اس لئے ہمیں اس بات پر بھی بھرپور توجہ دینی ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں کسی قسم کی کشیدگی نہ پیدا ہو اور سندھ کے تمام کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی انتخابات خوشگوار ماحول میں تکمیل کو پہنچیں․

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں